گوگل، ہواوے، مائیکروسافٹ 5لاکھ پاکستانیوں کو آئی ٹی کی تربیت دیں گے، شزا فاطمہ

مفت عوامی وائی فائی کیلئے مخصوص مقامات کی نشاندہی کی جا رہی ہے، 6سے 8ماہ میں ہسپتال، سکولز اور پولیس سٹیشن فائبرائز ہو جائیں گے، وزیر آئی ٹی

پیر 30 جون 2025 19:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)وزیرآئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ گوگل، ہواوے، مائیکروسافٹ 5لاکھ پاکستانیوں کو آئی ٹی کی تربیت فراہم کریں گے، مفت عوامی وائی فائی کیلئے مخصوص مقامات کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شزا فاطمہ نے کہا کہ وزیراعظم نے اسلام آباد کو پائلٹ سمارٹ سٹی بنانے کی ہدایت کی ہے، وزارت نے اسلام آباد کے تمام پبلک سکولز، بی ایچ یوز اور ہیلتھ سیکٹرز کو فائبر فراہم کرنے کی فنڈنگ کر دی، اگلے 6سے 8ماہ میں ہسپتال، سکولز اور پولیس سٹیشن فائبرائز ہو جائیں گے، مفت عوامی وائی فائی کیلئے مخصوص مقامات کی نشاندہی کی جا رہی ہے، میٹرو بس اور عوامی مقامات پر وائی فائی کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے کام ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت تعلیم ہمارے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے، دور دراز علاقوں میں ایڈ ٹیک کے ذریعے تعلیمی سہولت فراہم کریں گے، اے آئی اور ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کو چھٹی جماعت سے شروع کر کے کنڈرگارٹن تک لے جائیں گے، وزیراعظم چاہتے ہیں کہ اسلام آباد کا ہر بچہ تعلیم حاصل کرے، یہی منصوبہ گلگت بلتستان اور دور دراز علاقوں تک پہنچانا ہے، ٹیکنالوجی کے ذریعے ریموٹ اسکولز میں بھی تعلیم ممکن بنائیں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ ہیلتھ منسٹر کے ساتھ مل کر ون پیشنٹ، ون آئی ڈی پر کام کر رہے ہیں، ٹیلی میڈیسن کے ذریعے تمام بی ایچ یوز میں انٹرنیٹ پہنچایا جائے گا، آن لائن ماہرین سے مشاورت کی سہولت ہر جگہ فراہم کریں گے، وزیراعظم نے نصاب میں آئی ٹی تعلیم شامل کرنے کیلئے کمیٹی قائم کردی ہے۔ شزا فاطمہ نے کہا کہ ہدف ہے کہ پانچ لاکھ نوجوانوں کو جدید آئی ٹی اسکلز کی تربیت دی جائے، دو لاکھ بچوں کو گوگل، تین لاکھ کو ہواوے اور دو لاکھ کو مائیکروسافٹ ٹریننگ دے گا، بچے، بچیاں پرائمری سطح پر اے آئی سیکھ کر آگے بڑھیں گے، ملکی آئی ٹی افرادی قوت کو عالمی معیار کے مطابق تیار کرنے کیلئے مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں۔