بارش کے بعد پیدا صورتحال کی تمام ذمہ داری قابض میئر اور وزیر بلدیات پر عائد ہو تی ہے ، ٹائون چیئر مینز جماعت اسلامی

سڑکوں کی خستہ حالی دور اور نالوں کی بروقت صفائی کر لی جاتی توموجودہ صورتحال پیدا نہ ہوتی ،سوئی گیس کمپنی کے کام کی تکمیل کے بعد ہی سڑکوں و گلیوں کی تعمیر شروع کی جائے گی ، محمد یوسف ، عاطف علی ،ظفر احمد خان کامشترکہ بیان

پیر 30 جون 2025 22:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)جماعت اسلامی کے ٹائون چیئر مین نیو کراچی محمد یوسف ، ٹائون چیئر مین نارتھ ناظم آباد عاطف علی خان ، ٹائون چیئر مین ماڈل ٹائون ظفر احمد خان نے اپنے مشترکہ بیان میں شہر میں بارش کے بعد پیدا شدہ صورتحال ، سڑکوں و گلیوں میں پانی جمع ہونے اور شہریوں کو درپیش مشکلات و پریشانیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی تمام تر ذمہ داری قابض میئر اور وزیر بلدیات پر عائد کی ہے ، ٹائون چیئر مینوں نے مرتضیٰ وہاب کی جانب سے وزیر بلدیات کو لکھے گئے خط پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مرتضیٰ وہاب کے ایم سی کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کو چھپانے کے لیے ٹائون چیئرمینوں پر الزام تراشی کے بجائے اپنی ذمہ داری پوری کریں ،شہر میں نالوں کی صفائی کی ذمہ داری کے ایم سی کی ہے اور بار بار توجہ دلانے کے باوجود بھی نالوں کی صفائی نہیں کی گئی اور تھوڑی سی بارش میں نالے اُبل پڑے اور پانی سڑکوں و گلیوں میں بھر گیا ، جبکہ دوسری طرف شہر کی بڑی سڑکوں کی تعمیر بھی کے ایم سی اور وزارت بلدیات کے ماتحت ہے اور بیشتر سڑکیں خستہ حالی کا شکار ہیں اور بارش کے پانی جمع ہونے کے بعد ان کی حالت اور زیادہ خراب ہو گئی ہے ، نالوں کی صفائی کے لیے 60کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے لیکن صفائی میں تاخیر کی گئی اور بارشوں سے پہلے صفائی مکمل نہیں کی گئی ،ٹائون چیئرمینوں نے کہا کہ قابض میئر کی جانب سے سوئی سدرن گیس کمپنی کی روڈ کٹنگ چارجز کے حوالے سے جو بات کی گئی ہے وہ کسی طرح بھی درست نہیں ،ٹائون سوئی سدرن گیس کے کام کی تکمیل کے بعد ہی سڑکوں و گلیوں کی تعمیر شروع کریںگے ۔

(جاری ہے)

اس کو جواز بنا کر قابض میئر اپنی ذمہ داری سے بری الذمہ ہر گز نہیں ہو سکتے ، اگر سڑکوں کی خستہ حالی دور اور نالوں کی بروقت صفائی کر لی جاتی توموجودہ صورتحال پیدا نہ ہوتی ۔