پٹرول و ڈیزل قیمتوں میں اضافہ، لوڈشیڈنگ ،جرمانوں کیخلاف ملاکنڈ میں جماعت اسلامی کے احتجاجی مظاہرے

منگل 1 جولائی 2025 23:12

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)جماعت اسلامی خیبرپختونخوا شمالی کے امیر عنایت اللہ خان کی اپیل پر ملاکنڈ ڈویژن کے تمام 9اضلاع میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے، بدترین لوڈشیڈنگ اور تاجروں پر ناروا جرمانوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور جلسے منعقد کیے گئے۔ احتجاجی مظاہروں میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور حکومت مخالف نعرے لگائے۔

عنایت اللہ خان نے دیر بالا میں مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے خطاب میں کہا کہ آئے روز پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ مہنگائی کے طوفان نے عام آدمی کا جینا محال کر دیا ہے، جبکہ حکمران صرف بیان بازی اور نمائشی اقدامات میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سانحہ سوات ہو یا بجلی کا بحران، ہر معاملے میں حکومت کی ناکامی اور بدانتظامی واضح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی حقیقی ترجمان ہے اور ہم ہر فورم پر عوام کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ حکمرانوں کو عوامی غیظ و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔مختلف اضلاع میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں سے جماعت اسلامی کے ضلعی و مقامی رہنماں نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ لوڈشیڈنگ سے کاروبار تباہ ہو چکے ہیں، تاجر برادری کو ناجائز جرمانے اور چھاپوں کا سامنا ہے، جبکہ تعلیم، صحت، امن و امان اور روزگار جیسے شعبے بدترین زبوں حالی کا شکار ہیں۔

جماعت اسلامی کے رہنماں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فوری کمی، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ، اور تاجروں پر ناروا جرمانوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔ بصورت دیگر احتجاجی تحریک کو صوبہ بھر اور ملک گیر سطح تک وسعت دی جائے گی۔