پاکستانی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی، ایشین جونیئر انفرادی سکوائش چیمپئن شپ کے پہلے دن 9میں سے 7میچز میں کامیابی

منگل 1 جولائی 2025 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) جنوبی کوریا کے شہر گمچیون میں جاری 32ویں ایشین جونیئر انفرادی سکوائش چیمپئن شپ 2025 کے پہلے روز پاکستان کے جونیئر کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف کیٹگریز میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر 9میں سے 7 میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ صرف دو میچز میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان سکوائش فیڈریشن کی جانب سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کھلاڑیوں نے مہارت، اعتماد اور عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کیا۔ بوائز انڈر 19 میں پاکستان کے دونوں ٹاپ سیڈز نے شاندار آغاز کیا۔ عبداللہ نواز نے تھارول پی (سری لنکا) کو 11-5، 11-4، 11-7 سے شکست دی جبکہ انس علی شاہ نے محمد آر (انڈونیشیا) کو 11-3، 11-5، 11-6 سے ہرا کر اگلے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔

(جاری ہے)

بوائز انڈر 17 کیٹگری میں محمد عمیر عارف نے لاو پی ٹی (ہانگ کانگ) کو 11-3، 11-8، 11-9 سے ہرایا تاہم یحییٰ خان کو سخت مقابلے کے بعد ایون سی جے وائی (ملائشیا) کے ہاتھوں 3-2 سے شکست ہوئی۔ میچ سکور 11-8، 11-5، 6-11، 1-11، 6-11رہا۔ بوائز انڈر 15 میں پاکستان کے نعمان خان نے آئیسون جے (تھائی لینڈ) کو یکطرفہ مقابلے میں 11-0، 11-0، 11-3 سے شکست دی جبکہ احمد ریان خلیل نے لونتھا بی (سری لنکا) کو 11-4، 11-0، 11-0 سے ہرا دیا۔

بوائز انڈر 13 میں محمد ایم (پاکستان) کو محمد ایس (ملائشیا) کے خلاف سخت مقابلے کے بعد 13-11، 11-8، 11-9 سے شکست ہوئی۔گرلز کے مقابلوں میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے بھرپور کارکردگی دکھائی۔ گرلز انڈر 17 میں مہوش علی نے یونا کے (جنوبی کوریا) کو یکطرفہ مقابلے میں 11-0، 11-2، 11-0 سے شکست دی۔گرلز انڈر 15 میں سحرش علی نے کاؤ سی آئی (مکاؤ) کو 13-11، 11-5، 11-7 سے ہرا کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔ گرلز انڈر 13 کیٹگری میں ماہ نور علی نے پرنپرافا پی (تھائی لینڈ) کو 11-0، 11-1، 11-1 سے شکست دے کر دن کا اختتام شاندار طریقے سے کیا۔پاکستان سکوائش فیڈریشن کے حکام نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستانی دستہ اگلے راؤنڈز میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔