کمشنر حیدرآبادکی زیر صدارت مون سون کے انتظامات کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس

ریسکیو کے لیے مطلوبہ سامان اور مشینری کی کمی سے متعلق فوری آگاہ کیاجائے،بلال احمد میمن کی ڈپٹی کمشنرزکوہدایت

منگل 1 جولائی 2025 21:05

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن کی زیر صدارت مون سون کے انتظامات کے حوالے سے ڈویژن کا اعلی سطحی اجلاس ان کے دفتر شہباز بلڈنگ حیدرآباد میں ہوا۔کمشنر بلال احمد میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سالوں میں ہونے والی بارشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز، متعلقہ ادارے اور اہلکار اپنے متعلقہ اضلاع میں حساس اور نشیبی علاقوں سمیت جہاں مسائل درپیش رہے وہاں موثر طریقے سے مسائل کے سدباب کے لئے موثر حکمت عملی اور مربوط روابط انتہائی ضروری ہیں، کمشنر نے ڈویژن میں بالخصوص گزشتہ بارشوں میں متاثرہ علاقوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور مون سون کی ممکنہ بارشوں سے قبل تمام احتیاطی اقدامات کو مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک بریفنگ دیتے ہوئے مون سون کی امکانی بارشوں سے نمٹنے، نکاسی آب کی مشینوں کی دستیابی، دیگر ضروری سامان اور فنڈز سے متعلق کمشنر حیدرآباد کو آگاہ کیا۔کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ ریسکیو کے لیے مطلوبہ سامان اور مشینری کی کمی سے متعلق فوری آگاہ کیاجائے، انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات، محکمہ آبپاشی، ریسکیو اور دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر رابطے کے لیے ایک واٹس ایپ گروپ گزشتہ سال کی طرح فعال کیا جائے تاکہ تمام صورت حال سے متعلق مستعد رہا جا سکے، کمشنر حیدرآباد نے حیسکو افسر کوہدایت کی کہ بجلی کے نظام کو بہتر بنا کر بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے، کچھ روز قبل مون سون کی ابتدائی معمول کی برسات میں حیسکو سے متعلق بڑی شکایات موصول ہوئیں جس کے سدباب کی ضرورت ہے۔

چیف میٹرولوجی ڈپارٹمنٹ امیر حیدر لغاری نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اجلاس کو آگاہ کیا کہ کسان کے نام سے ایک ایپ بنائی گئی ہے اس کو ڈان لوڈ کر کے اپنے علاقے کے موسم سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکتی ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون گدا حسین سومرو نے مون سون بارشوں کے انتظامات سے متعلق اجلاس کو آگاہ کیا۔اجلاس میں حیسکو، پولیس، واسا، آبپاشی، صحت، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، ریسکیو اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :