ْخضدار آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کی ڈی سی، ایس ایس پی، اور کیسکو حکام کے ساتھ اہم اجلاس

منگل 1 جولائی 2025 21:25

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء) آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار کی جانب سے ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی،سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس خضدار شہزادہ عمر عباس بابر (کیسکو) آفیسر سیف اللہ بلوچ سمیت دیگر سرکاری ذمہ داران کے ساتھ ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ کا انعقاد شہری مسائل کے حل کے لئے کیا گیا تھا جس میں امن و امان کی صورتحال، بجلی کی لوڈشیڈنگ، اور انٹرنیٹ کی بندش جیسے اہم موضوعات زیر بحث آئے۔

آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کی قیادت چیئرمین بشیر احمد جتک کررہے تھے۔آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے اراکین نے شہریوں کی جانب سے درپیش مسائل کو اجاگر کیا، جن میں طویل لوڈشیڈنگ، انٹرنیٹ سروسز کی عدم دستیابی، اور شہر میں امن و امان کی صورتحال سرفہرست تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ خضدار کے شہریوں کے مسائل جائز اور حل طلب ہیں خضدار کے شہری گھنٹوں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے پریشان ہیں، اور اس وقت خضدار میں سخت گرمی پڑ رہی ہے اس مسئلے کو کیسکو ترجیحی بنیادوں پر حل کردیں جبکہ انٹرنیٹ کی بندش نے کاروبار اور تعلیمی سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

اس کے علاوہ، امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے بھی فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔حالیہ دنوں میں خوفناک ڈکیتی گھروں میں گھس کر شہریوں کو یرغمال بنانا ناقابل بیان اور ناقابل برداشت عمل ہے جب کہ تاجر اور کاروباری لوگ بھی اس ورداتوں سے محفوظ نہیں ہیں ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی کا کہن تھاکہ ہم شہریوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں۔

کوشش ہے کہ مسائل بتدریج حل ہوں۔شہر میں امن و امان کی صورتحال کو مستحکم کرنے کے لیئے ہماری ٹیمیں چوکس ہیں۔ کمیٹی کے ساتھ مل کر ہم شہریوں کی شکایات پر فوری عمل درآمد کریں گے اور جرائم کی روک تھام کے لیے اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔ میٹنگ میں کیسکو حکام نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے شیڈول کو بہتر بنانے اور شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے نئے اقدامات کا وعدہ کیا اور کہاکہ کہ آئندہ چند روز میں حل ہوجائیں گے۔

ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ انٹرنیٹ کے مسئلے کو سیکورٹی معاملات کی رو سے دیکھا جائے جب سیکورٹی کلیئرنس ملیگی تو انٹرنیٹ بحال ہوجائیگا۔آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی نے میٹنگ کے نتائج کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ حکام کے وعدوں پر عمل درآمد کی نگرانی کریں گی۔ اجلاس میں آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے اکثریتی اراکین شریک تھے۔