سانحہ سوات کے بعد خیبرپختونخوا حکومت کا ریسکیو کیلئے ڈرون استعمال کرنے کا فیصلہ

ڈرون کے ذریعے دریا میں پھنسے افراد کو لائف جیکٹس اور رسیاں پہنچائی جائیں گی، آزمائشی مشق میں کامیابی مل گئی

منگل 1 جولائی 2025 22:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جولائی2025ء)سانحہ سوات کے بعد خیبرپختونخوا حکومت نے دریا میں پھنسے افراد کو حفاظتی سامان بروقت پہنچانے کیلئے ڈرون کے استعمال کا فیصلہ کرلیاہے۔تفصیلات کے مطابق دریائے سوات میں 13قیمتی انسانی جانیں جانے کے بعد حکومت کو دریا میں پھنسے افراد کو جیکٹس، رسیاں اور دیگر ضروری سامان پہنچانے کا خیال آہی گیا۔

خیبرپختونخوا حکومت نے ریسکیو سامان کی ترسیل کے لیے ڈرون سے خدمات لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو ڈرون کے ذریعے ریسکیو سامان پہنچانے کی مشقیں بھی دکھائی گئیں۔دریا میں پھنسے افراد کی مدد کیلئے ڈرون کے ذریعے حفاظتی جیکٹس، رسیاں اور دیگر چیزوں کی تسیل کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایات پر سیلاب و ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جدید ڈرون ٹیکنالوجی کی مشقوں کا کامیاب انعقاد کیا گیا، امدادی سرگرمیوں میں تیزی کے لیے ڈرونز کے ذریعے لائف جیکٹس، رسیاں اور دیگر ضروری سامان کی ترسیل کی مشقیں کی گئیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ریسکیو اداروں کی صلاحیتوں میں اضافہ اور مدد کے لیے جدید آلات فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق ریسکیو1122 کو اس سے قبل 2 ہزار لائف جیکٹس، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری آلات و اشیا فراہم کی جائیں گی۔ڈرون ٹیکنالوجی سمیت آلات کی فراہمی سے ریسکیو آپریشنز میں بہتری متوقع ہے، وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر ہنگامی حالات میں فوری رسپانس یقینی بنانے کے لیے جدید ریسکیو سامان خریدا گیا ہے۔