پنجاب حکومت کا واٹر اینڈ ویسٹ واٹر مینجمنٹ پراجیکٹ کیلئے بین الاقوامی مالیاتی ادارے سے قرض لینے کا فیصلہ

حکومت کی قرض مذاکراتی ٹیم تشکیل کا نوٹیفکیشن فوری جاری کرنے کی ہدایت ،وزراء ،سیکرٹریز شامل ہوں گے پراجیکٹ کے تحت لاہورمیں مرکزی ٹرنک سیور، نئے ڈسپوزل سٹیشنز ،جدیدنکاسی کے نظام کی تعمیرممکن ہوسکے گی

منگل 7 اکتوبر 2025 21:15

پنجاب حکومت کا واٹر اینڈ ویسٹ واٹر مینجمنٹ پراجیکٹ کیلئے بین الاقوامی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) پنجاب حکومت نے لاہور واٹر اینڈ ویسٹ واٹر مینجمنٹ پراجیکٹ کے لیے بین الاقوامی مالیاتی ادارے سے قرض لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب کابینہ نے پراجیکٹ کی مد میں قرض کیلئے مذاکراتی ٹیم کو منظوری دے دی ہے،پنجاب حکومت کی قرض مذاکراتی ٹیم تشکیل کا نوٹیفکیشن فوری جاری کرنے کی ہدایت دے دی،مذاکراتی ٹیم میں صوبائی وزراء اورمختلف محکموں کے سیکرٹریز شامل ہوں گے۔

ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے ساتھ فنانسنگ معاہدے کی تیاری کی منظوری دے دی گئی،اس پراجیکٹ کے تحت لاہورمیں مرکزی ٹرنک سیور، نئے ڈسپوزل سٹیشنز ،جدیدنکاسی کے نظام کی تعمیرممکن ہوسکے گی، جو پانی کی فراہمی کیلئے سطحی پانی کے انتظام اورٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب منصوبے کاحصہ ہوگی،واسا لاہور کی صلاحیت سازی و جدید بلنگ و میٹرنگ سسٹم بھی منصوبے میں شامل ہوگا۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت اوراے آئی آئی بی مشن میں حالیہ میٹنگ میں منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ لیاگیا،منصوبے کے ماحولیاتی و سماجی فریم ورک کی تیاری مکمل کرلی گئی۔منصوبے کی تکمیل سے دریائے راوی کی آلودگی میں نمایاں کمی کی توقع ہے۔محکمہ خزانہ نے یواسا کو بجٹ اور اضافی فنڈز جاری کر دئیے ہیں تاکہ ابتدائی تیاری کے کام تیز اور جلد مکمل ہو سکیں،مذاکراتی ٹیم جلداے آئی آئی بی کے ساتھ شرح سود، ادائیگی کے شیڈول ومعاہدے کی شرائط پرگفتگو مکمل کرے گی۔