Live Updates

تین دہائیوں بعد مصر میں گرمیوں کی بارش نے سب کو حیران کر دیا

بدھ 2 جولائی 2025 12:17

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء) مصر بھر میں اچانک ہونے والی بارش نے شہریوں کو حیران کر دیا۔ جولائی کے آغاز میں جب ملک بھر میں شدید گرمی کا دور جاری ہوتا ہے، دارالحکومت قاہرہ سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی جو کہ تین دہائیوں بعد پیش آنے والا ایک نادر موسمی مظہر ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ تقریبا 15 منٹ تک جاری رہا جس نے دارالحکومت اور دیگر شہروں کی سڑکوں کو اس انداز میں جل تھل کر دیا، گویا موسمِ سرما کی کوئی بارش ہو۔

ڈاکٹر منار نے وضاحت کی کہ اس کم دبائو کے ساتھ درمیانے اور نچلے درجے کے بادلوں کی کثرت نے قاہرہ، دریائی ڈیلٹا اور نہر سوئز سے ملحقہ شہروں میں بارش کا باعث بنی۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ایسے موسمی دبا کا دوبارہ آنا بعید نہیں اور اب موسمِ گرما میں بھی شمالی مصر اور قاہرہ جیسے علاقوں میں بارش کا امکان بڑھ گیا ہے، حالانکہ ماضی میں صرف جنوبی مصر میں ہی موسمِ گرما کی بارشیں ہوتی تھیں۔

(جاری ہے)

جامعہ زقازیق کے موسمیات کے ماہر ڈاکٹر علی قطب کے مطابق مصر کا محلِ وقوع عام طور پر گرمیوں میں موسم کو مستحکم رکھتا ہے، سوائے جنوبی علاقوں کے، جہاں جولائی یا اگست میں بعض اوقات بارش ہوتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ شمالی سوڈان اور جنوبی مصر پر ایک موسمیاتی پٹی، جسے "مداری بارشی پٹی" کہا جاتا ہے، اثر انداز ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ بارش فضا کی بلند سطح پر موجود ایک کم دبا، سطح زمین پر غیرمعمولی نمی، اور سرد ہوا کے دبا کا مشترکہ نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق اس موسمی تبدیلی کو سمجھنے کے لیے مزید تحقیق اور مسلسل مشاہدے کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ ایسے مظاہر کی پیشگی اطلاع ممکن ہو سکے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات