لاکھ روئی کی گانٹھوں کے ہدف کے حصول کیلئے کاشتکاروں کی راہنمائی میں مزید تیزی لائی جائے، سیکرٹری زراعت پنجاب

بدھ 2 جولائی 2025 14:10

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیرِ صدارت کپاس کی موجودہ صورتحال کے بارے میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ 60 لاکھ روئی کی گانٹھوں کے ہدف کے حصول کے لیے کاشتکاروں کی رہنمائی کے عمل میں مزید تیزی لائی جائے۔فیلڈ رپورٹس کے مطابق کپاس کی حالت بہت اچھی ہے۔

مزید براں، ماہرین کی رپورٹس کے مطابق حالیہ بارشوں کے فصل پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ اگیتی کپاس کی چنائی جاری ہے۔ رپورٹس کے مطابق اگیتی کپاس کی پہلی چنائی 07 سے 09 من فی ایکڑ حاصل ہو رہی ہے۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ پی سی جی اے سے مذاکرات کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں جس کے نتیجہ میں اب تک 26 کاٹن فیکٹریاں آپریشنل ہو چکیں ہیں۔

(جاری ہے)

کراپ رپورٹنگ سروس کے مطابق 45 ہزار گانٹھ کے برابرپھٹی کی چنائی ہو چکی ہیں۔ سیکرٹری زراعت پنجاب نے واضح کیا کہ کپاس کے علاقوں میں 41 سہولت سینٹرز قائم کئے گئے ہیں اور ان سہولت سینٹرز پر 15 سے 20 فیصد رعائیت پر معیاری زرعی ادویات کی فراہمی جاری -سہولت سینٹرز پر کاشتکاروں کی آمد اور خریداری کا رجحان حوصلہ افزاء ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب محمد شبیر احمد خان،ڈائریکٹر جنرلز زراعت چوہدری عبدالحمید،نوید عصمت کاہلوں،عامر رسول اور ڈاکٹر عبدالقیوم، پراجیکٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت پنجاب ڈاکٹر محمد انجم علی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :