پاکستان امن کا گہوارہ ہے ،عمانی بائیکرز کے دورہ سے دونوں برادر ممالک کے درمیان ثقافتی رابطوں کو فروغ ملے گا ، سردارسلیم حیدر

بدھ 2 جولائی 2025 16:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا گہوارہ اورعالم اسلام کی امیدوں کا مرکز ہے، عمانی بائیکرز کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی، ثقافتی و سیاحتی تبادلوں کو فروغ ملے گا،حکومت عمانی بھائیوں کے اس دورہ کو یادگار بنانے کے لیے پرعزم ہے،عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کا خیر سگالی دورہ کرنے والے عمان کے بوشر بائیکرز کلب کے ارکان کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی گالف کے صدر میاں منیر ہنس،نائب صدر کاشف ،عاطف ،بوشر بائیکرز کلب کے ممبران عیسی الحسنی، محمد النبھانی، کامل اے آئی وہبی، ماجد الرواحی، محمد منینی، ماجد الوہابی اور محمد الرواحی سمیت دیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہاکہ عمان ہمارا برادر اسلامی ملک ہے،دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں سمیت تمام شعبوں میں باہمی تعاون کے وسیع تر مواقع موجود ہیں،دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی اور ثقافتی روابط کے فروغ کی اہمیت کواجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمانی بائیکرز کی یہاں موجودگی پاکستان اور عمان کے درمیان سیاحت اور ثقافتی تعلقات کے فروغ میں اہم ا قدام کی عکاسی ہے، کھلاڑی کسی بھی ملک کے سفیر ہوتے ہیں ،ہم ان بائیکرز کو دل سے خوش آمدید کہتے ہیں ۔

گورنر پنجاب نے کہاکہ پاکستان ایک پر امن اور دنیا کا خوبصورت ترین ملک ہے ، اِس ملک کو اللہ نے بے شمار وسائل عطا فرمائے ہیں، دریا، سمندر، وادیاں، میدان، صحرا، معدنیات اور مختلف موسموں سے نوازا ہے ، سب سے بڑھ کرپاکستانی مہمان نواز اور محبت کرنے والی قوم ہیں ۔انہوں نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم شکر گزار ہیں کہ آپ عمانی بھائی شمالی علاقوں کی خوبصورتی کو دیکھنے کے لیے پاکستان آئے ہیں،حکومت بائیکرز کے دورہ کو محفوظ، آرام دہ اور یادگار بنانے کے لیے پرعزم ہے، امید ہے کہ بائیکرز پاکستان کے خوبصورت علاقہ جات کے سحر انگیز حسن کا نظارہ کر یں گے اور واپس جا کر پاکستان کے مثبت امیج کواجاگر کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اِسلام کا قلعہ اور ایک پر امن ایٹمی قوت ہے جس سے پورے عالم اسلام کی امیدیں وابستہ ہیں،پاکستان نے ہمیشہ عالمی سطح پر اسلامی ممالک کی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے لیے عالمی فورمز پر آواز اٹھائی۔انہوں نے کہاکہ ہماری مسلح افواج دنیا کی بہترین فوج ہے ،اس کے ہوتے ہوئے دشمن ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا ،جس کا عملی نمونہ دنیا نے دیکھا کہ کس طرح ہم نے اپنے سے پانچ گناہ بڑے دشمن کو ناکوں چنے چبوائے اورنئی جنگی تاریخ رقم کر دی۔

اس موقع پر عمانی بوشر بائیکرز کلب کے رکن محمد النبھانی نے اس خیر سگالی دورے کے حوالے سے اپنے جوش و خروش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہماری خواہش تھی ہم پاکستان کا دورہ کریں، ہمیں یہاں آکر بہت خوشی ہوئی، پاکستان ایک خوبصورت سیاحتی اورمختلف ثقافتی اقدارکا حامل ملک ہے ،یہاں آکر ہمیں محسوس ہوا کہ ہم اپنے دوسرے گھر آ گئے ہیں ،پاکستانیوں کی طرف سے ملنے والی اس محبت کو کبھی نہیں بھلا پائیں گے، امید ہے کہ باہمی تعلقات کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے درمیان اس طرح کے خیر سگالی دوروں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔آخر میں عمانی وفد نے گورنر پنجاب سردار سلیم حید ر کے ساتھ گروپ فوٹو کا اہتمام کیا۔