Live Updates

ض*لاہور پریس کلب آئین میں ترامیم کی منظوری، خواتین و اقلیتوں کی نشستیں شامل

ٴگورننگ باڈی کے اجلاس میں آئینی ترامیم، ممبرشپ فیس میں اضافہ، کالونی اور کیفے امور پر بھی گفتگو آئینی ترامیم پر ممبران کی رائے طلب، جنرل کونسل اجلاس میں حتمی منظوری دی جائے گی، ارشد انصاری

بدھ 2 جولائی 2025 20:25

ٓلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جولائی2025ء) لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی کا اہم اجلاس صدر ارشد انصاری کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں آئین میں مجوزہ ترامیم، کلب کالونی، کیفے اور ممبرشپ فیس سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں سینئر نائب صدر افضال طالب، نائب صدر صائمہ نواز، سیکریٹری زاہد عابد، جوائنٹ سیکریٹری عمران شیخ، فنانس سیکریٹری سالک نواز، اور اراکین گورننگ باڈی مدثر حسین، سید بدر سعید، رانا شہزاد احمد، شاہدہ بٹ، محبوب احمد چوہدری، شاکر اعوان اور اسد محمود نے شرکت کی۔

اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد سیکریٹری زاہد عابد نے اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا۔ آئینی ترامیم کمیٹی کی تجاویز اجلاس کا اہم حصہ تھیں۔ اس کمیٹی کی سربراہی سابق سیکریٹری شفیق اعوان کر رہے تھے جبکہ دیگر اراکین میں مبشر بخاری، ارسلان رفیق بھٹی، شاداب ریاض، راجہ ریاض، عابد تہامی، خواجہ نصیر، بابر ڈوگر، انوار ہاشمی اور شکیل سعید شامل تھے۔

(جاری ہے)

کمیٹی میں تمام سیاسی دھڑوں کی نمائندگی کو یقینی بنایا گیا۔خواتین کے لیے گورننگ باڈی میں نائب صدر کی ایک مخصوص نشست مختص کی گئی، جس پر صرف خواتین امیدوار ہوں گی مگر ووٹ تمام اہل ممبران ڈال سکیں گے۔اقلیتی ممبران کے لیے گورننگ باڈی میں ایک نشست مخصوص کی گئی ہے، جس پر صرف اقلیتی امیدوار الیکشن لڑ سکیں گے۔گورننگ باڈی کے کل اراکین کی تعداد 15 سے بڑھا کر 17 کر دی گئی ہے۔

سیکریٹری کا عہدہ جنرل سیکریٹری اور خزانچی کو فنانس سیکریٹری کا نام دیا جائے گا۔کلب انتخابات 31 دسمبر کے بجائے 31 جنوری تک کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔صدر کی غیر موجودگی میں سینئر نائب صدر قائم مقام صدر ہوں گے۔فنانس سیکریٹری کی غیر حاضری میں نائب صدور میں سے کسی کو اختیارات دیے جا سکیں گے۔جنرل سیکریٹری کی غیر موجودگی میں جوائنٹ سیکریٹری فرائض انجام دیں گے۔

سالانہ ممبرشپ فیس 1000 روپے سے بڑھا کر 1500 روپے مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ’’کمیٹی کی تجویز 2000 روپے تھی جس پر اتفاق نہ ہو سکا‘‘۔صدر ارشد انصاری نے کہا کہ تمام ترامیم کو کلب میں آویزاں کر دیا جائے گا اور ممبران اپنی رائے کلب آفس میں جمع کروا سکتے ہیں، جس کے بعد جنرل کونسل کے اجلاس میں حتمی منظوری دی جائے گی۔صدر ارشد انصاری نے اجلاس کو بتایا کہ فیز ٹو کالونی کی زمین کے فنڈز رواں ماہ کے آخر تک روڈا کو ٹرانسفر کر دیے جائیں گے جس کے بعد ترقیاتی کام شروع ہو جائیں گے۔

ایف بلاک کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جرنلسٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن نے واجبات کی فوری ادائیگی کی ہدایت کی ہے، جس کے لیے الاٹیز کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔اجلاس میں کلب کیفے میں اشیاء کے نرخوں پر مہنگائی کے تناسب سے نظرثانی پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ معیار اور سہولیات برقرار رہ سکیں۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات