سلیمان شہباز کیخلاف اندراج مقدمہ کا حکم معطل کرنے کا تحریری فیصلہ جاری

ہفتہ 2 اگست 2025 20:45

سلیمان شہباز کیخلاف اندراج مقدمہ کا حکم معطل کرنے کا تحریری فیصلہ جاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز کے خلاف چیک سے متعلق مقدمہ درج کرنے کے حکم کو معطل کرنے سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کر دیا، عدالت عالیہ نے سلیمان شہباز کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم کالعدم قرار دے دیا تھا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے سلیمان شہباز کی درخواست پر 5صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ ریکارڈ کے مطابق سلیمان شہباز کی کمپنی نے مدعی سے 17لیپ ٹاپ خریدے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ریکارڈ ظاہر کرتا ہے کہ درخواست گزار کی کمپنی نے مدعی کو 3مختلف چیک دیئے جو بانس ہوگئے، مدعی نے درخواست گزار کو لیگل نوٹس بھجوایا، جس کے جواب میں درخواست گزار کی کمپنی نے کسی بھی لیپ ٹاپ کی وصولی سے انکار کیا اور جواب دیا کہ کمپنی کے ملازم نے فراڈ سے چیک چوری کیے، جس کا مقدمہ ملازم کیخلاف درج کروایا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے لکھا کہ درخواست گزار کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔یاد رہے کہ 16جولائی کو لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز کے خلاف چیک بانس ہونے کے معاملے میں مقدمہ درج کرنے کے جسٹس آف پیس کے حکم کو معطل کر دیا تھا، اور پولیس و دیگر فریقین سے رپورٹ طلب کرلی تھی۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے سلیمان شہباز کی دائر کردہ درخواست پر سماعت کی تھی، جس میں انہوں نے ماتحت عدالت کے اس حکم کو چیلنج کیا تھا، جس میں ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔