د*یہ بدصورتی اور نحوست کی علامت ہے، مشی خان کا لابوبو گڑیا پر سخت ردعمل

بدھ 2 جولائی 2025 20:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جولائی2025ء) سینئراداکارہ مشی خان نے سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہونے والی لابوبو گڑیا پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے بدصورتی اور نحوست کی علامت قرار دیا ہے۔لابوبو گڑیا تیزی سے دنیا بھر میں مقبول ہو رہی ہے، یہ گڑیا کبھی دلچسپ، کبھی خوفناک اور کبھی پیاری لگتی ہے، خاص طور پر جب اس کا رنگ دلکش نہ ہو تو یہ بالکل بھی پرکشش محسوس نہیں ہوتی۔

یہ عجیب و غریب گڑیا عالمی سطح پر بے حد پسند کی جا رہی ہے اور لوگ اسے خریدنے کے لیے باقاعدہ قطاروں میں کھڑے ہوتے ہیں، اس کے زیادہ تر مداحوں کا تعلق جنریشن زی اور جنریشن الفا سے ہے۔حال ہی میں مشی خان نے لابوبو ٹرینڈ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں مشی خان نے پاکستان میں لابوبو کے بڑھتے رجحان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر متعدد افراد کو اس ٹرینڈ کو فالو کرتے دیکھ رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ لابوبو کو لوگ فخر سے اپنے بیگز پر لگاتے ہیں، حالانکہ دراصل یہ ایک نحوست ہے، معلوم نہیں لوگوں کو اتنی بدصورت گڑیا کس طرح پسند آ رہی ہے۔مشی خان نے کہا کہ کبھی اس گڑیا کو غور سے دیکھیں، اس کے نوکیلے، خوفناک دانت ہیں اور ان کے خیال میں اس طرح کی چیزیں شیطانی اثرات کو اپنی جانب مائل کرتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بھیڑ چال کا حصہ نہ بنیں اور ایسی چیزیں خریدنے سے گریز کریں، کیونکہ یہ زندگی میں بدقسمتی لا سکتی ہیں۔

ان کے مطابق، اگر کوئی انہیں پیسے دے کر بھی یہ شیطانی گڑیا بیگ پر لگانے کو کہے تو وہ تب بھی اسے بیگ پر نہ لگائیں۔مشی خان نے کہا کہ یہ ایک گمراہ کن چال ہے، اس لیے ایسے ٹرینڈز سے خود کو دور رکھنا چاہیے۔واضح رہے کہ یہ ٹرینڈ اب پاکستان میں بھی تیزی سے مقبول ہو رہا ہے اور مشہور شوبز شخصیات ہانیہ عامر، مایا علی اور جگن کاظم کو لابوبو گڑیا کے ساتھ دیکھا گیا ہے۔