بھارتی خفیہ ایجنسی کیلئے کام کرنے والے دہشت گردوں کو جیل بھیج دیا گیا

بدھ 2 جولائی 2025 20:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بھارتی خفیہ ایجنسی کیلئے کام کرنیوالے دہشت گردوں کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔کراچی سینٹرل جیل انسداد دہشت گردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت کے روبرو بھارتی خفیہ ایجنسی کیلئے کام کرنیوالے دہشت گردوں کو دھماکہ خیز مواد کے مقدمے میں سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے عدالت میں پیش کیا۔

(جاری ہے)

انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیے گئے ملزمان میں محمد خان بوریو عرف گلو، اختر علی، جامین ملاح اور غلام قادر بوریو شامل تھے ۔تفتیشی افسر نے ملزمان کے مزید ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو پولیس نے نیشنل ہائی وے کے قریب سے گرفتار کر کے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے ہینڈ گرینیڈ اسلحہ اور ایک آلٹو کار برآمد کی گئی ہے، پولیس نے ملزمان کے خلاف 7مقدمات درج کیے ہیں تاہم عدالت نے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔