ڈی جی سپورٹس پنجاب سے ایف آئی ایچ نیشنز کپ ہاکی کے سلور میڈلسٹ کھلاڑیوں کی ملاقات

ایف آئی ایچ نیشنز کپ ہاکی ٹورنامنٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں نے ملک کا نام روشن کیا ہے،ہمیں اپنے کھلاڑیوں پر فخر ہے‘خضرافضال چودھری

بدھ 2 جولائی 2025 20:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری سے ایف آئی ایچ نیشنز کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے سلور میڈلسٹ کھلاڑیوں نے ملاقات کی ہے، بدھ کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ہونیوالی ملاقات میں ڈائریکٹرسپورٹس راناندیم انجم، ہاکی اولمپئن کاشف شاہ، قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی ندیم احمد، عبدالمنان اور رضوان علی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری نے اس موقع پر کہا ہے کہ ایف آئی ایچ نیشنز کپ ہاکی ٹورنامنٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں نے ملک کا نام روشن کیا ہے،ہمیں اپنے کھلاڑیوں پر فخر ہے، ہاکی کا سنہرا دور واپس آرہا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب ہاکی کی ترقی کے لئے بھرپور اقدامات اٹھارہا ہے،سمر سپورٹس گیمز اور اب سمر سپورٹس کیمپس میں بھی ہاکی کو شامل کیا گیا ہے،ڈی جی سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری نے مزید کہا ہے کہ قومی کھیل کی ترقی ہمارا مشن ہے، سپورٹس بورڈپنجاب رانا ظہیر احمد میموریل ہاکی ٹورنامنٹ کے لئے ہرممکن تعاون کرے گا۔

قومی ہاکی کھلاڑیوں نے اس موقع پر کہا ہے کہ ہم پر عزم ہیں کہ آئندہ ہونیوالے ٹورنامنٹس میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور پاکستان کیلئے میڈلز جیت کر لائیں گے۔