جنوبی افریقی فضائیہ کے سربراہ کی ایئر ہیڈکوارٹرز آمد، پاک فضائیہ کے سربراہ سے ملاقات

جنرل وائزمین سیمومبامبوکاجنوبی افریقا کے سی 130طیاروں کی جانچ ، مرمت پاکستان سے کروانے میں دلچسپی کا اظہار ،آئی ایس پی آر

بدھ 2 جولائی 2025 22:05

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)جنوبی افریقا کی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل وائز مین سیمو مبامبو نے بدھ کو ایئر ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان ایئر فورس کے چاق و چوبند دستے نے جنوبی افریقا کے ایئر چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوستانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ایئر چیف نے جنوبی افریقی ایئر فورس کی فضائی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے پاک فضائیہ کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل وائزمین مبامبو نے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں اور کثیرالجہتی جنگی صلاحیتوں کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی افریقہ کے ائیر چیف نے دونوں فضائی افواج کے درمیان ادارہ جاتی سطح پر فروغ کی خواہش کا اظہار کیا۔ ملاقات میں جنوبی افریقی ایئر فورس کے تربیتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل مبامبو نے جامع تربیتی فریم ورک کی تشکیل میں پاک فضائیہ سے معاونت کی درخواست کی اور پاک فضائیہ کی آپریشنل مشقوں میں جنوبی افریقی افسران کی بطور مبصر شرکت کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی افریقی ایئر چیف نے پاک فضائیہ کے انجینئرنگ انفرااسٹرکچر اور تکنیکی مہارت کی تعریف کی اور جنوبی افریقا کے سی 130طیاروں کی جانچ اور مرمت پاکستان سے کروانے میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔