وادی نیلم میں گاڑی دریامیں جا گری،5 خواتین سمیت 6 جاں بحق

چلہہانہ کے مقام پرگاڑی کو موڑ کاٹتے ہوئے حادثہ پیش آیا، حادثے میں ایک بچہ لاپتہ ہے جس کی تلاش کیلئے پولیس اور ریسکیو آپریشن جاری ہے،ڈی ڈی ایم اے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 4 جولائی 2025 15:53

وادی نیلم میں گاڑی دریامیں جا گری،5 خواتین سمیت 6 جاں بحق
نیلم(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04جولائی 2025)وادی نیلم میں گاڑی دریامیں جا گری،حادثے میں خواتین سمیت6افراد جاں بحق ہوگئے،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور پولیس کی بھاری کی نفری موقع پر پہنچ گئی،گاڑی میں سوار خاندان کا تعلق مظفرآباد سے تھا۔ بتایا گیا ہے کہ وادی نیلم میں کریم آباد کے مقام پرگاڑی کو موڑ کاٹتے ہوئے حادثہ پیش آیاجس کے نتیجے میں 5خواتین سمیت6جاں بحق ہوگئے۔

ڈی ڈی ایم اے نیلم کے مطابق دریائے نیلم میں چلہانہ کے مقام پر گاڑی گہری کھائی میں جاگری۔حادثے میں چھ افراد جاں بحق ہوئے تمام چھ افراد کی لاشوں کو نکال لیا گیا ہے۔ڈی ڈی ایم اے نیلم کا کہنا ہے حادثے میں ایک بچہ لاپتہ ہے جس کی تلاش کیلئے پولیس اور ریسکیو ٹیمیں آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔ امدادی کارروائیوں میں دشوار گزار راستے اور اندھیرے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی گلگت میں باراتیوں کی گاڑی دریا میں جا گری تھی جس کے نتیجے میں دلہا سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ریسکیو حکام کے مطابق چھلت نگر میں افسوسناک حادثہ پیش آیاتھا جہاں باراتیوں کی گاڑی دریا میں گرنے سے دلہا سمیت ایک ہی خاندان کے چھ افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔ دلہا باراتیوں کے ساتھ دلہن لینے جا رہا تھا۔موڑ کاٹتے ہوئے گاڑی دریا برد ہوگئی۔

حکام کا کہنا تھا کہ تین افراد کی نعشیں نکالی جا چکی تھیں۔گاڑی ایک خطرناک موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو کر گہرے دریا میں جا گری تھی۔ ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ دیگر افراد کی تلاش جاری تھی۔ دریا کی تیز لہروں کے باعث تلاش میں مشکلات درپیش تھیں۔مقامی انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا تھا جبکہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ شدید پریشانی کا شکار ہوگئے تھے۔حادثے کا شکار تمام افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے جن میں دلہا بھی شامل تھا۔حادثے نے علاقے میں فضائے سوگ طاری کر دی تھی اور مقامی افراد بڑی تعداد میں جائے وقوعہ پر جمع ہو کر ریسکیو اہلکاروں کی مددکی تھی۔