یونیورسٹی کی طالبہ ایمان کے قتل کیس میں گرفتار ملزم 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پرپولیس کے حوالہ

بدھ 2 جولائی 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل کی عدالت نے یونیورسٹی کی 22 سالہ طالبہ ایمان کا پرائیویٹ ہاسٹل میں قتل کیس میں گرفتار ملزم فیروز کوشناخت پریڈ کے بعد دو روزہ جسمانی ریمانڈ پرپولیس کے حوالہ کر دیا۔ بدھ کے روز سماعت کے دوران وفاقی پولیس کی جانب سے ملزم فیروزکو شناخت پریڈ کا عمل مکمل ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیااورعدالت کو بتایاگیا کہ مقتولہ کی روم میٹس عروج مختار، یمین اور معظمہ ذاکر نے ملزم کو شناخت کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرپولیس کی جانب سے ملزم کے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعاکی گئی۔ عدالت نے ملزم سے استفسار کیاکہ بتائو تم نے کیا کیا ہے جس پر ملزم نے عدالت میں بیان دیاکہ سر جی غلطی ہو گئی ہے۔عدالت نے ملزم کو 2 دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ملزم کو دوبارہ 4 جولائی کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔پولیس کی جانب سے ملزم کو تقریباً 2 ماہ بعد گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔ طالبہ ایمان کے قتل کا مقدمہ 19 اپریل کو تھانہ رمنا میں درج کیا گیا تھا۔ملزم قتل کی واردات کے بعد جھنگ میں روپوش ہوگیا تھا۔