جی بی حکومت کا تاریخی اقدام، اعلیٰ سطحی سرکاری مراسلت کیلئے مکمل طور پر ای آفس سسٹم کو اپنا لیا

بدھ 2 جولائی 2025 23:10

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے ترجمان فیض اللہ فراق نے کہا ہے کہ جی بی حکومت نے ایک انقلابی فیصلہ کرتے ہوئے گورنر، وزیر اعلیٰ اور چیف سیکرٹری کو بھیجی جانے والی تمام سمریز اور نوٹسز کو یکم جولائی 2025 سے صرف ای آفس (E-Office) سسٹم کے ذریعے ارسال کرنے کو لازمی قرار دیا ہے۔ اس کے بعد روایتی ذرائع سے بھیجی جانے والی تمام دستاویزات کو قبول کرنے کے بجائے متعلقہ محکموں کو واپس کر دیا جائے گا۔

فیض اللہ فراق کے مطابق یہ تاریخی اقدام گلگت بلتستان کو پاکستان کی پہلی حکومت بنا دیتا ہے جس نے اعلیٰ سطحی سرکاری مراسلت کے لیے مکمل طور پر ای آفس سسٹم کو اپنا لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ای آفس سسٹم کے ذریعے نہ صرف سرکاری امور میں شفافیت اور بروقت نگرانی کو ممکن بنایا جا رہا ہے بلکہ فوری فیصلہ سازی، محفوظ ڈیجیٹل ریکارڈ اور کاغذ سے پاک ماحول کا قیام بھی عمل میں آ رہا ہے۔

(جاری ہے)

فائلوں کی دستی ترسیل سے جڑی تاخیر کا خاتمہ ہو گا اور محکموں کے درمیان ایک مربوط، مؤثر اور جدید طرز حکمرانی فروغ پائے گا۔فیض اللہ فراق نے اس اقدام کو وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان کی قیادت میں حکومت کے ڈیجیٹل اصلاحات، شفاف طرز حکمرانی اور عوامی خدمات کی بہتری کے غیر متزلزل عزم کا عملی مظہر قرار دیا۔