کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر 20 سالہ نوجوان قتل، رواں سال کی تعداد 49 ہوگئی،صدر میں ڈکیتی مزاحمت پر مسلح افراد نے 25 سالہ مبشر کو زخمی کردیا

جمعرات 3 جولائی 2025 01:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)شہر قائد کے ضلع شرقی کے علاقے سچل میں مسلح ڈاکوں نے مزاحمت پر نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا جس کے بعد رواں سال شہر میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 49 تک پہنچ گئی۔تفصیلات کے مطابق ایسٹ زون کے علاقے سچل میں دنداناتے ہوئے ڈاکووں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر نوجوان کی جان لے لی۔

شہر میں جاری ڈاکو راج کے دوران رواں سال سفاک ڈاکووں کی فائرنگ سے جاں بحق شہریوں کی مجموعی تعداد 49 ہوگئی۔پولیس کے مطابق واقعہ سپر ہائی وے عبداللہ شاہ غازی روڈ بلاک جی کچا پکا روڈ پر پیش آیا، متوفی کی شناخت 20 سالہ موسی کے نام سے ہوئی جس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مقتول کے سینے پر گولی لگی تھی جبکہ ایس ایچ او سچل امین کھوسہ نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا ہے۔

(جاری ہے)

مقتول کے قبضے سے اس کا موبائل فون اور موٹر سائیکل بھی ملی ہے تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے۔دریں اثنا صدر کینٹ اولڈ ریس کورس کے قریب فائرنگ سے نوجوان زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گی۔، چھیپا حکام کے مطابق مضروب کی شناخت 25 سالہ مبشر کے نام سے کی گئی جبکہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے ہے۔