متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی اتحاد ایئرویز کا مزید تین ممالک کے لیے پروازوں کا اعلان

جمعرات 3 جولائی 2025 08:50

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی اتحاد ایئرویز نے مزید تین بین الاقوامی مقامات کے لیے پروازوں کا اعلان کیا ہے۔امارات الیوم کے مطابق روس کے شہر کازان کےلیے دسمبر 2025 جبکہ پولینڈ کے شہر کراکوف اورعمان کے سیاحتی مقام صلالہ کے لیے پروازیں گرمیوں میں 2026 سے شروع کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ان نئے روٹس کا مقصد ابوظبی کو مزید عالمی مقامات سے براہ راست جوڑنا ہے تاکہ بیرون ملک سفر کرنے والوں کو سہولت دینے کے ساتھ زیادہ سیاحوں کا امارات کے دارالحکومت میں خیرمقدم کیا جا سکے۔

اتحاد ایئرویز اس سال اب تک پراگ، وارسا، سوچی اور اٹلانٹا کے لیے افتتاحی پروازیں شروع کر چکی ہے۔ سال کے اختتام تک مزید 13 نئے روٹس شامل کرنے کا ہدف ہے۔علاوہ ازیں ایئرعربیہ نے شارجہ سے پراگ کے لیے 20 دسمبر 2025 سے پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ایئر عربیہ مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ، ایشیا اور یورپ میں اپنے وسیع نیٹ ورک کو مسلسل وسعت دے رہی ہے۔