محکمہ جنگلی حیات،طوطوں ، تیتر اور بٹیر کے ناجائز شکار اور سمگلنگ پر ملزمان گرفتار،جرمانے عائد

جمعرات 3 جولائی 2025 14:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور سیکرٹری جنگلات،جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب مدثر ریاض ملک کی خصوصی ہدایت پر صوبہ بھر میں چیف وائلڈ لائف رینجر مبین الہی کی سربراہی میں جنگلی جانوروں و پرندوں کے ناجائز شکار ،کاروبار اور سمگلنگ کی روک تھام کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے،جس کے نتیجہ میں وائلڈلائف رینجرز نے پاکپتن ، ساہیوال ، سرگودھا اور خوشاب میں متعدد کامیاب کارروائیوں کے دوران طوطوں ، تیتر اور بٹیر کے ناجائز شکار اور بٹیر کی سمگلنگ پر 6 ملزمان کے چالان کر کے بھاری جرمانے عائد کئے جبکہ ضبط کئے گئے پرندوں کو قدرتی ماحول میں آزاد کر دیاگیاہے۔

ترجمان کے مطابق ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر ساہیوال ریجن ڈاکٹر غلام رسول کی قیادت میں وائلڈ لائف رینجرز پاکپتن نے ایک نجی بس سے بٹیر سمگل کئے جانے کی کوشش ناکام بنا کر بٹیروں کے بھرے دو کریٹس قبضہ میں لے لئے اور قانونی کارروائی شروع کردی جبکہ ضبط کئے گئے بٹیر قدرتی ماحول میں آزاد کردیئے۔

(جاری ہے)

ایک دوسری کارروائی میں وائلڈلائف رینجرز ساہیوال نے ناجائز شکار بٹیر کرنے پر ایک ملزم کا چالان کرکے اسے مبلغ 12ہزار روپے جرمانہ عائد کرکے کیس نمٹا دیا۔

اسی طرح کی چند دیگر کامیاب کارروائیوں کے دوران اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجرضلع سرگودھا و خوشاب سلیم سرگانہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تیتر اور طوطوں کے غیر قانونی شکار اور قبضہ تیتر کی پاداش میں 5 ملزمان گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 3بھورے تیتر اور 3 بچے تیتر جبکہ ایک گانیدار طوطا برآمد کرکے پانچوں ملزمان کو مبلغ 69 ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کرکے تیتر قدرتی ماحول میں آزاد اور طوطا جوہر آباد وائلڈلائف پارک میں منتقل کر دیا۔