یورپ میں شدید گرمی کی لہر جاری، ہیٹ ویو سی10افراد ہلاک

اٹلی کے 18شہروں کے لیے شدید گرمی کی وجہ سے ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ترکی میں بھی شدید گرمی اور جنگلات کی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں،غیرملکی میڈیا

جمعرات 3 جولائی 2025 16:21

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)یورپ کے بیشتر حصوں میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو سے دس افراد ہلاک ہوگئے، صحت کے ہنگامی انتباہات جاری کیے گئے ہیں، جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی ہے اور سوئس پاور پلانٹ میں ایک جوہری ری ایکٹر بند کر دیا گیا،غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق یورپ کے بیشتر حصوں میں موسم گرما کی شدید گرمی کی لہر نے تباہی مچا رکھی ہے جہاں 4 افراد اسپین، 2 فرانس اور 2 اٹلی میں ہلاک ہو چکے ہیں۔

ہیٹ ویو یورپ کے کئی حصوں میں پھیلی ہوئی ہے جس نے صحت کے الرٹس جاری کروا دیے ہیں، جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات پیش آئے ہیں اور سوئٹزرلینڈ کے ایک جوہری پاور پلانٹ کو عارضی طور پر بند کرنا پڑا ہے۔اسپین کے کاتالونیا علاقے میں جنگلات کی آگ کے باعث 2 افراد ہلاک ہوئے جبکہ ایک روز قبل ہی ہیٹ ویو سے جڑی ہلاکتیں ایکسٹریمادورا اور کورڈوبا میں بھی رپورٹ ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

فرانس کے وزیر توانائی نے دو ہلاکتوں کی تصدیق کی اور بتایا کہ 300 سے زائد افراد کو گرمی کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔اٹلی میں 18 شہروں کے لیے شدید گرمی کی وجہ سے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ترکی میں بھی شدید گرمی اور جنگلات کی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔اٹلی، فرانس اور جرمنی نے غیر مستحکم ماحول میں حد سے زیادہ گرمی کی وجہ سے شدید طوفانوں کے خطرے سے خبردار کیا ہے، ماہرین موسمیات کا کہنا تھا کہ یہ گرمی کی لہر معمول سے کہیں پہلے شروع ہوئی ہے، جو یورپ کے موسمِ گرما کے لیے غیر معمولی ہے۔