محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے،معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب

جمعرات 3 جولائی 2025 16:55

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے پرائس کنٹرول سلمی بٹ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائیں تاکہ ان مقدس ایام کے دوران کسی بھی قسم کی کوتاہی یا شکایت پیدا نہ ہو۔

یہ ہدایات انہوں نے ڈی سی آفس ساہیوال میں محرم الحرام کے انتظامات سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں جس میں ممبران صوبائی اسمبلی ملک محمد ارشد، ملک قاسم ندیم، ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، ڈی پی او رانا طاہر رحمان اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔معاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے عزاداروں کے لیے سبیلیں لگانے، جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی، بجلی کی بلاتعطل فراہمی، سیوریج کے مسائل کے حل اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں افسران کو یہ بھی ہدایت دی گئی کہ وہ فیلڈ میں جا کر خود انتظامات کا جائزہ لیں اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ کریں۔اجلاس کے بعد معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب سلمی بٹ نے شہر میں محرم کے مرکزی جلوس کے روٹس کا دورہ کیا اور موقع پر موجود افسران کے ہمراہ انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے صفائی، روشنی، سیوریج، سیکیورٹی اور سبیلیں لگانے کے حوالے سے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات دیں۔

انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے راستوں پر تمام سہولیات کو بروقت مکمل کرنا حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔سلمیٰ بٹ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضاء برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ادارے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں۔\378