چینی وفد کا آئی سی سی آئی کا دورہ ، معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری میں اظہار دلچسپی

جمعرات 3 جولائی 2025 18:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) دو رکنی چینی تجارتی وفد نے پاکستان کے کان کنی اور معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے مواقع تلاش کرنے کے لئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا دورہ کیا۔وفد شی شائن یونیورسل مائننگ اینڈ ایس ایم ای (پرائیویٹ) کمپنی کے نمائندوں شی جی اور فانگ یانگ پر مشتمل تھا۔

آئی سی سی آئی کے رکن محمد یاسر بھی وفد کے ہمراہ تھے۔چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور خطے میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول پر تفصیل سے روشنی ڈالی بالخصوص فارماسیوٹیکل، ماربل اور سٹیل جیسی صنعتوں کی موجودگی کی طرف اشارہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بہتر انفراسٹرکچر اور علاقائی اور بین الاقوامی منڈیوں میں بڑھتی ہوئی طلب کان کنی کے شعبے کو غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے خاص طور پر پرکشش بنا سکتی ہے۔

انہوں نے چینی تاجروں پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھیں اور ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تعاون کے نتیجے میں دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کے لئے ون ون کی صورتحال میسر آئے گی ۔آئی سی سی آئی کے صدر نے مہمانوں کو کاروبار نواز پالیسیوں کی وکالت کرنے اور حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے کے ذریعے کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنے میں چیمبر کے کردار کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے وفد کو باہمی فائدہ مند تعاون کے لئے ریگولیٹری اور تجارتی مواقع کو نیویگیٹ کرنے میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔مثبت کاروباری ماحول کی تعریف کرتے ہوئے دورہ کرنے والے چینی مندوبین نے معدنیات کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں کے قیام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تعاون سے نہ صرف کاروباری مواقع پیدا ہوں گے بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور پاکستان میں ہنر مند انسانی وسائل کی ترقی میں مدد ملے گی۔

آئی سی سی آئی کے سابق صدر زاہد مقبول نے اس شعبے میں اپنے طویل تجربے کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کی بے پناہ صلاحیتوں کا تذکرہ کیا۔آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران راجہ نوید ستی، وسیم چوہدری اور ممبر محمد یاسر نے بھی چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ مل کر کام کرنے پر آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے نقطہ نظر کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ تعاون پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی اور اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرے گا۔