لاہور سے کراچی جانے والی ٹرین کا شیڈول تبدیل، ریلوے کرایوں میں 2 فیصد اضافہ

کرایوں میں دو ہفتوں میں دوسری بار اضافہ، 4 جولائی سے اطلاق، مسافروں کو ریلوے انکوائری سے رابطے کی ہدایت

جمعرات 3 جولائی 2025 19:20

لاہور سے کراچی جانے والی ٹرین کا شیڈول تبدیل، ریلوے کرایوں میں 2 فیصد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2025ء) لاہور اور فیصل آباد سے کراچی، کوئٹہ اور راولپنڈی سمیت دیگر شہروں کو جانے والی بیشتر ٹرینیں اپنے مقررہ اوقات کار کے مطابق روانہ ہو رہی ہیں، تاہم کراچی ایکسپریس 16-ڈاؤن کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔ریلوے حکام کے مطابق کراچی ایکسپریس اب شام 6 بجے کے بجائے 7 بجے لاہور ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہوگی۔

(جاری ہے)

ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور محمد انعام اللہ کی خصوصی ہدایت پر پسنجر فیسیلی ٹیشن عملہ ہمہ وقت اسٹیشن پر موجود رہے گا تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ریلوے نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ مزید معلومات اور تازہ اپڈیٹس کے لیے 042-99070011 یا 117-042 پر رابطہ کریں۔ادھر مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے۔ محکمہ ریلوے نے کرایوں میں 2 فیصد اضافہ کر دیا ہے، جو 4 جولائی 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔ یہ دو ہفتوں کے دوران دوسرا اضافہ ہے۔ اس سے قبل 18 جون کو 3 فیصد اضافہ کیا گیا تھا۔ریلوے حکام کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے باعث ادارے کو شدید مالی بوجھ کا سامنا ہے جس کے باعث کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا تھا۔