Live Updates

وفاقی حکومت کے قرضے اور واجبات ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے

قرض کا حجم 77 ہزار 888 ارب روپے تک ہوگیا‘ بیرونی قرض 7.6 فیصد بڑھ کر 23 ہزار 417 ارب روپے‘مقامی قرض 15.5 فیصد بڑھ کر 54 ہزار 471 ارب روپے ہوگیا. اسٹیٹ بینک کی رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 9 ستمبر 2025 15:26

وفاقی حکومت کے قرضے اور واجبات ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09 ستمبر ۔2025 )وفاقی حکومت کے قرضے اور واجبات ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے اسٹیٹ بینک نے جون 2025 تک ملک پر قرضوں اور واجبات کے اعداد و شمار جاری کردیئے جس کے مطابق وفاقی حکومت کا قرض مالی سال 2025 میں 13 فیصد بڑھا ہے. اعداد و شمار کے مطابق وفاقی حکومت کا قرض جون 2025 تک 77 ہزار 888 ارب روپے رہا، وفاقی حکومت کا قرض جون 2024 میں 68 ہزار 914 ارب روپے تھا اسٹیٹ بینک کے مطابق وفاقی حکومت کا مقامی قرض 15.5 فیصد بڑھ کر 54 ہزار 471 ارب روپے ہوگیا وفاقی حکومت کا بیرونی قرض 7.6 فیصد بڑھ کر 23 ہزار 417 ارب روپے ہوگیا ہے.

(جاری ہے)

ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومتی اخراجات میںبے پناہ اضافہ قرضو ں میں اضافے کی بنیادی وجہ ہے ‘قرضوں میں اضافے سے افراط زرمیں اضافہ ہوتا ہے جو مہنگائی میں اضافے کی وجہ بنتا ہے انہوں نے کہاکہ افراط زراور مہنگائی کی شرح شہریوں کے لیے پہلے ہی ناقابل برداشت حد تک پہنچ چکی ہے. انہوں نے کہاکہ حکمران اتحاد نے اگر ہوش مندی سے کام نہ لیا اور غیرتعمیری اور غیرضروری اخراجات میں اسی طرح اضافہ ہوتا رہا تو ملکی معیشت کا مصنوعی بلبلہ پھوٹنے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا ‘انہوں نے کہاکہ حکومت قرضوں کی قسطیں اداکرنے کے لیے اندھا دھند مزید قرضے حاصل کررہی ہے مگر حکومتی اخراجات کو کم کرنے پر تیار نہیں ہے ‘انہوں نے کہاکہ حکومت کی سنجیدگی کا اندازہ حال ہی میں حکمران اتحاد کے اراکین قومی اسمبلی کو اربوں روپے کے ”فنڈز“کا اجراءہے .

انہوں نے کہاکہ آڈیٹرجنرل پاکستان کی رپورٹ حکومت کے اہم اداروں میں ہزاروں ارب روپے کی کرپشن کے بارے میں بتایاگیا ہے اور حکمران اتحاد اس انکوائری کروانے کی بجائے آڈیٹرجنرل کی رپورٹ کو متنازعہ بنانے پر زورلگا رہا ہے ‘آڈیٹرجنرل پاکستان وفاقی حکومت کا ہی ادارہ ہے جس کا کام وفاقی حکومتوں کے اداروں کے اخراجات اور آمدن کا آڈٹ کرنا ہے اور دہائیوں سے آڈیٹرجنرل کا محکمہ یہ کام کرتا آرہا ہے ‘حکمران اتحادکے اراکین آڈیٹرجنرل کی رپورٹ پیش کرنے کے طریقہ کار پر بھونڈے اندازمیں اعتراضات کررہے ہیں ‘انہوں نے کہاکہ آڈٹ پر آج تک کوئی تکنیکی اعتراض سامنے نہیں آیا محض رپورٹ پیش کرنے کے طریقہ کار پر اعتراضات کیئے جارہے ہیں. 
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات