رانا ثناءاللہ پنجاب سے جنرل نشست پر سینیٹر منتخب

اعجاز چوہدری کی نااہلی کے بعد خالی ہونیوالی سینیٹ نشست پر ضمنی انتخاب کیلئے پنجاب اسمبلی میں پولنگ ہوئی

Sajid Ali ساجد علی منگل 9 ستمبر 2025 16:35

رانا ثناءاللہ پنجاب سے جنرل نشست پر سینیٹر منتخب
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 ستمبر2025ء ) مسلم لیگ ن کے رہنماء رانا ثناءاللہ پنجاب سے جنرل نشست پر سینیٹر منتخب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ءاعجاز چوہدری کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی سینیٹ نشست پر ضمنی انتخاب کیلئے پنجاب اسمبلی میں پولنگ ہوئی، ووٹنگ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک بلا تعطل جاری رہی، پولنگ کا عمل پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت میں ہوا، کاغذات نامزدگی واپس لینے کا وقت ختم ہونے کے باعث اپوزیشن امیدوار کو بائیکاٹ کے باوجود مقابلے میں شریک قرار دیا گیا، یوں مسلم لیگ ن اور حکومتی اتحادی جماعتوں کی جانب سے رانا ثناء اللہ امیدوار تھے جب کہ اپوزیشن کی طرف سے اعجاز چوہدری کی اہلیہ سلمیٰ اعجاز کو نامزد کیا گیا تھا۔

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ رانا ثناء اللہ کو 263 ووٹوں کی حمایت حاصل تھی اور کسی بھی امیدوار کو جیت کے لیے 182 ووٹ درکار تھے لیکن اپوزیشن کی امیدوار سلمیٰ اعجاز کو صرف 100 ووٹوں کی حمایت حاصل تھی، تاہم ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی نے اعلان کیا تھا کہ اپوزیشن ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کرے گی اور کوئی رکن ووٹ کاسٹ نہیں کرے گا، اس لیے اگر کسی رکن نے اسمبلی میں جا کر ووٹ دیا تو وہ پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں کل نشستیں 371 ہیں جہاں موجودہ اراکین کی تعداد 363 ہے اور 8 نشستیں خالی ہیں، مسلم لیگ (ن) کو سینیٹ الیکشن میں ایوان میں اپنے اراکین 229 ووٹ حاصل تھے، پیپلز پارٹی کے 16، آئی پی پی کے 7 ، مسلم لیگ (ق) کے 11 ووٹوں کی بھی ن لیگی امیدوار کو حمایت حاصل رہی جب کہ سنی اتحاد کونسل کے 73 ، تحریک انصاف کے 24 ووٹ اور مجلس وحدت مسلمین کا 1 ووٹ اپوزیشن امیدوار کیلئے یقینی تھا، اسمبلی میں تحریک لبیک اور مسلم لیگ ضیا ء کا بھی 1،1 ووٹ تھا۔