سرگودھا میں پاک فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ کے زخمی ہونے کی اطلاعات

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی اور ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 9 ستمبر 2025 15:53

سرگودھا میں پاک فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ کے زخمی ہونے کی اطلاعات
سرگودھا ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 ستمبر2025ء ) صوبہ پنجاب کے ضلع سرگودھا میں پاک فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ سرگودھا میں 104 چک کے قریب پیش آیا جہاں پاک فضائیہ کا طیارہ کھیتوں میں گر کر تباہ ہوا، اس حادثے کے نتیجے میں پائلٹ کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی اور ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ فنی خرابی کی وجہ سے گر کر تباہ ہوا، تربیتی پرواز کے دوران معراج طیارے میں پیدا ہونے والی فنی خرابی کے بعد پائلٹ نے طیارے کو آبادی سے دور لے کر جانے کی کوشش کی، اس دوران طیارہ 104 جنوبی کے قریب کھیتوں میں جا گرا، حادثے میں پائلٹ محفوظ رہا تاہم زخمی ہونے باعث پائلٹ کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا، طیارہ گرنے کی اطلاع پر ریسکیو اور پاک فضائیہ کی ٹیمیں موقع کی طرف روانہ ہوئیں، ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔