”ڈرو اس دن سے جب اوپر والے کی پکڑ ہوگی “بینک کے قرض کیس میں عدالت کے ریمارکس

یہاں تو جوڑ توڑ کر لو گے اوپر ایک اور بھی عدالت ہے وہاں کیسے کرو گے؟.جسٹس محمد اقبال کلہوڑو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 9 ستمبر 2025 15:32

”ڈرو اس دن سے جب اوپر والے کی پکڑ ہوگی “بینک کے قرض کیس میں عدالت کے ..
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09 ستمبر ۔2025 )سندھ ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ ڈرو اس دن سے جب اوپر والے کی پکڑ ہوگی نجی بینک سے قرضہ حاصل کرکے مورگیج گھر کو دوسرے فریق کو فروخت کرنے سے متعلق درخواست پر سندھ ہائیکورٹ نے فریقین سے دلائل طلب کرلیے. جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ کے روبرو نجی بینک سے قرضہ حاصل کرکے مورگیج گھر دوسرے فریق کو فروخت کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی درخواست گزار کے وکیل نے کوقف دیا کہ ہم بینک سے سیٹلمنٹ کرنے کے لیے تیار ہیں.

(جاری ہے)

جسٹس محمد اقبل کلہوڑو نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار کو خدا کو خوف نہیں ہے؟ جس گھر پر بینک سے قرضہ حاصل کیا وہ کسی کو بیچ دیا یہاں تو جوڑ توڑ کر لو گے اوپر ایک اور بھی عدالت ہے وہاں کیسے کرو گے؟ ڈرو اس دن سے جس دن اوپر والے کی پکڑ ہوگی نجی بینک کے وکیل نے موقف دیا کہ درخواست گزار نے ایف بی ایریا کے گھر پر 2019 میں بینک سے 2 کروڑ روپے قرضہ لیا.

بینک نے درخواست گزار سید کاظم رضا کا گھر مورگیج رکھا تھا درخواست گزار نے مورگیج گھر کسی پرائیویٹ شخص کو بیچ دیا اور بینک کو پیسہ بھی ادا نہیں کیا درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ عدالت حکم دے تو جو بھی رقم بنتی ہے ہم دینے کے لیے تیار ہیں. عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ پہلے گھر بیچ دیا اب یہ بھی عدالت آپ کو حکم دے؟ جو کرنا ہے بینک کے ساتھ کریں، عدالت میں کیوں درخواست دائر کردی؟بعد ازاں عدالت نے 29 اکتوبر کو فریقین سے دلائل طلب کرلیے.