Live Updates

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور قازقستان کے وزیر ارمان شکالییف کی ملاقات، تجارتی تعلقات میں پیش رفت، ایک ارب ڈالر کا تجارتی ہدف مقرر

منگل 9 ستمبر 2025 16:11

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور قازقستان کے وزیر  ارمان شکالییف کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) پاکستان اور قازقستان کے وزرائے تجارت نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دونوں ممالک تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو ایک جامع اقتصادی شراکت داری میں بدلیں گے۔ دونوں فریقین نے تجارت، صنعتی تعاون اور علاقائی روابط کے فروغ کے لیے مشترکہ وژن کی توثیق کی۔ منگل کو جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ سمجھوتہ اسلام آباد میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور قازقستان کے وزیر برائے تجارت و انضمام ارمان شکالییف کے درمیان ملاقات کے دوران طے پایا۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے قازق وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قازقستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور انہیں ایک وسیع اقتصادی شراکت داری میں بدلنے کا خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو اپنی اصل تجارتی صلاحیت کو اجاگر کرنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا کیونکہ موجودہ تجارتی حجم توقعات سے کہیں کم ہے۔

قازق وزیر ارمان شکالییف نے پاکستان کے خطے میں کلیدی کردار کو تسلیم کرتے ہوئے اعتماد ظاہر کیا کہ باہمی تجارت کو جلد ہی ایک ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے زرعی اجناس، چمڑے کی صنعت، ایس ایم ایز اور آئی ٹی کو باہمی تعاون کے نمایاں شعبے قرار دیا اور کہا کہ قازقستان چقندر، اناج اور سورج مکھی کے تیل کی برآمدات میں مضبوط بنیاد رکھتا ہے، جو پاکستان میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ فصلوں کی ضرورت پوری کر سکتا ہے۔

گفتگو میں زرعی مصنوعات اور چمڑے کی پراسیسنگ پر خاص زور دیا گیا۔ چمڑے کے حوالے سے دونوں وزراء نے اعتراف کیا کہ وسطی ایشیائی ممالک میں اکثر قیمتی کھالیں اور شیپ سکن مناسب پراسیسنگ نہ ہونے کی وجہ سے ضائع ہو جاتی ہیں۔ وفاقی وزیر تجارت نے اپنی جدید ٹیننگ انڈسٹری اور ماہر افرادی قوت کے ذریعے ٹیکنالوجی ٹرانسفر، تربیت اور مشترکہ منصوبوں میں تعاون کی پیشکش کی۔

اس سلسلے میں قازقستان لیدر ایسوسی ایشن اور پاکستان ٹینری ایسوسی ایشن کو باضابطہ رابطے میں لانے پر اتفاق ہوا۔ایک اہم پیش رفت یہ ہوگی کہ جلد ہی پاکستان۔قازقستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ پر دستخط کیے جائیں گے، جو علاقائی روابط میں بہتری اور وسطی و جنوبی ایشیا کے درمیان تجارتی بہائو کو فروغ دے گا۔ملاقات میں دونوں فریقین نے کاروباری سطح پر روابط بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

دونوں وزراء نے اپریل 2025ء میں منعقدہ 13ویں پاک۔قازقستان انٹرگورنمنٹل کمیشن کے فیصلوں پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا، جس میں تجارتی و اقتصادی تعاون کا روڈ میپ اور ای کامرس پر مفاہمتی یادداشت طے پائی تھی۔ ملاقات میں جولائی میں منعقدہ گلوب پاکستان سمٹ کے دوران ای کامرس کمپنیوں کے مابین بی ٹو بی ملاقاتوں کو بھی مثبت قرار دیا گیا۔وزیر تجارت جام کمال خان نے ایک بار پھر یقین دہانی کرائی کہ پاکستان وسطی ایشیائی تجارت کو اپنی بندرگاہوں اور ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کے ذریعے سہولت فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی خوشحالی اجتماعی اقدامات اور مضبوط روابط پر منحصر ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات