وزیر تعلیم کی سکول انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے فنڈز کے شفاف استعمال کی ہدایت

جمعرات 3 جولائی 2025 19:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2025ء) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی زیر صدارت صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز اور سی ای اوز کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سکولوں میں سہولیات کے فقدان، انفراسٹرکچر کی بہتری اور دیگر مسائل پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔رانا سکندر حیات نے ہدایت دی کہ گرمیوں کی تعطیلات کے دوران سکولوں میں کمروں، دیواروں، فلٹریشن پلانٹس، فرنیچر اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور اس عمل کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اور ایجوکیشن افسران کی مربوط مشاورت سے اسکولوں کو ماڈل طرز پر ڈھالنے کی منصوبہ بندی کی جائے، تاکہ ہر بچے کو معیاری تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔وزیر تعلیم نے بتایا کہ سکولوں کی بحالی اور اپ گریڈیشن کیلئے اربوں روپے کے فنڈز جاری کیے جا چکے ہیں جن کا شفاف اور مؤثر استعمال ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ یہ فنڈز ایک بڑی قومی امانت ہیں، اس لیے ان کے استعمال میں کسی قسم کی کوتاہی یا کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی۔

رانا سکندر حیات نے واضح کیا کہکام کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ڈپٹی کمشنرز کوالٹی کی مانیٹرنگ خود کریں۔انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ایک کلاس روم جو 50 لاکھ میں بنتا تھا، وہ ہم نے 12 لاکھ میں بنا کر دکھایا، جس سے ٹیکس دہندگان کے پیسے کی بچت کی گئی۔وزیر تعلیم نے فیک انرولمنٹ کے خاتمے کی نشاندہی کرتے ہوئے سی ای اوز کو ہدایت کی کہ وہ اپنا ڈیٹا مکمل اور درست رکھیں کیونکہ وہ کسی بھی وقت چیکنگ کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کم لاگت اور شفافیت کے ساتھ کام کر کے عوامی وسائل کی بچت اور عوامی خدمت کا معیار بلند کیا جا سکتا ہے۔