بھارتی نیوز چینل نے ہانیہ عامر کا نام بدل کر ہانیہ پنیر رکھ دیا

جمعرات 3 جولائی 2025 21:20

بھارتی نیوز چینل نے ہانیہ عامر کا نام بدل کر ہانیہ پنیر رکھ دیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2025ء) بھارتی میڈیا ایک بار پھر پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی مقبولیت کو برداشت نہ کرسکا۔ فلم سردار جی 3 کی کامیابی کے بعد ایک بھارتی نیوز شو میں مہمان نے طنزیہ انداز میں ہانیہ کو ہانیہ پنیر کہہ کر پکارا جس پر اینکر بھی ہنسی نہ روک سکا۔ہانیہ عامر کو بھارتی پنجابی فلم سردار جی تھری میں اداکاری کی وجہ سے بھارت میں شدید تنقید کا سامنا ہے۔

27 جون کو ہانیہ عامر کی بھارتی پنجابی فلم سردار جی تھری ریلیز ہوئی، جسے بھارت کے علاوہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔22 اپریل کو پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان سفارتی کشیدگی کے باعث یہ فلم بھارت میں ریلیز نہ ہو سکی۔فلم کو بھارتی فلم سازوں کی جانب سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور فلم کے پروڈیوسرز اور اداکار دلجیت دوسانجھ کے آئندہ تمام پروجیکٹس کے بائیکاٹ کا مطالبہ بھی سامنے آیا۔

(جاری ہے)

بھارت کی تمام تر کوششوں کے باوجود فلم دنیا بھر میں ریلیز ہوئی اور یہ اب تک باکس آفس پر 18 کروڑ روپے کا بزنس کر چکی ہے۔خاص طور پر پاکستان میں فلم کو غیر معمولی مقبولیت حاصل ہوئی، جہاں اس نے ریلیز کے پہلے ہی ہفتے 3 کروڑ 50 لاکھ روپی(تقریبا ایک لاکھ 25 ہزار امریکی ڈالر)کا بزنس کیا، جو پاکستان میں کسی بھی بھارتی فلم کی پہلے دن کی سب سے بڑی کمائی ہے۔

تاہم، فلم بھارت میں خاصی زیر بحث ہے، جس کی ایک بڑی وجہ اس کی بین الاقوامی ریلیز ہے۔سردار جی تھری پر بھارت کے نیوز چینلز پر باقاعدہ بحث و مباحثے بھی جاری ہیں۔حال ہی میں سوشل میڈیا پر بھارتی نیوز چینل نیوز 18 کی ایک کلپ وائرل ہو رہی ہے، جس میں پروگرام کے دوران ایک مہمان نے عجیب انداز میں ہانیہ عامر کو نہ پہچاننے کا ڈراما کیا، حالانکہ ہانیہ عامر بھارت میں خاصی مقبول ہیں۔

مہمان نے مذاق اڑاتے ہوئے ہانیہ کو ہانیہ پنیر کہہ کر پکارا جس پر اینکر اپنی ہنسی نہ روک سکا، کیونکہ یہ بات مذاق سے زیادہ بے وقوفی لگ رہی تھی۔مہمان نے طنزیہ انداز میں کہا کہ یہ ہانیہ پنیر یا میر کون ہی میں تو پہلی بار اس کا نام سن رہا ہوں!یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہو رہی ہے اور اس پر صارفین کے دلچسپ ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ بھارتی ہانیہ عامر سے ڈر گئے ہیں، جب کہ کچھ صارفین کے مطابق یہ تمام افراد ہانیہ عامر کی شہرت سے حسد کرتے ہیں۔