ڈیرہ غازی خان، ایم پی اے حنیف پتافی کا محرم الحرام سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے سیف سٹی اور کنٹرول روم کا دورہ

جمعرات 3 جولائی 2025 22:00

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) ڈیرہ غازی خان سے رکنِ صوبائی اسمبلی پنجاب محمد حنیف خان پتافی نے محرم الحرام کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کے ہمراہ پولیس کنٹرول روم اور سیف سٹی آفس کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہیں سیف سٹی پراجیکٹ کے جدید مانیٹرنگ سسٹمز، سی سی ٹی وی کیمروں اور جلوسوں کے روٹس پر فول پروف سکیورٹی اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ایم پی اے حنیف پتافی نے پولیس کی محنت اور تیاریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا کو یقینی بنانے کے لیے تمام ادارے باہمی ہم آہنگی سے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔