معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب راشد اقبال نصر اللہ کابسلسلہ محرم الحرام مری میں انتظامات کا جائزہ

جمعرات 3 جولائی 2025 23:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب راشد اقبال نصر اللہ نے بسلسلہ محرم الحرام مری میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جلوسوں کے مختلف روٹس کا دورہ کیا اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی سمیت دیگر افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب راشد اقبال نصر اللہ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مری میں محرم الحرام کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے آیا ہوں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خصوصی انتظامات کی ہدایات جاری کی ہیں۔ امن و امان کو یقینی بنانے کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر اداروں کے افسران اور اہلکار جلوسوں کے روٹس پر تعینات کیے جائیں گے۔ کنٹرول روم چوبیس گھنٹے فعال ہے، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے روٹس کی نگرانی کا عمل جلوسوں کے اختتام تک جاری رہیگا۔ امن کمیٹی، علمائے کرام، تاجر برادری سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز باہمی تعاون سے امن و امان کی صورتحال قائم رکھنے میں تعمیری کردار ادا کر رہے ہیں۔