دپیکا پڈوکون نے امیتابھ بچن، بولی وڈ خانز اور دیگر سپر اسٹارز کو پیچھے چھوڑ دیا

دپیکا پڈوکون ہولی وڈ واک آف فیم میں شامل ہونے والی پہلی بھارتی شخصیت ہوں گی

جمعہ 4 جولائی 2025 15:11

دپیکا پڈوکون نے امیتابھ بچن، بولی وڈ خانز اور دیگر سپر اسٹارز کو پیچھے ..
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون نے ایک نیا اعزاز حاصل کرتے ہوئے پہلی ایسی بھارتی شخصیت کا رتبہ حاصل کرلیا، جن کا نام جلد ہی ہولی وڈ واک آف فیم میں شامل کرلیا جائے گا۔ہولی وڈ واک آف فیم میں امریکی شہر لاس اینجلس میں ایک خصوصی گلی ہے، جہاں دنیا بھر کی شوبز اور اسپورٹس شخصیات کے نام آویزاں ہیں۔

ہولی وڈ چیمبر آف کامرس کی جانب سے بنائی گئی مذکورہ خصوصی گلی میں ہر سال دنیا بھر کی معزز شخصیات کے نام شامل کیے جاتے ہیں اور اس بار دپیکا پڈوکون سمیت تین درجن کے قریب فلم، ٹی وی، موسیقی اور اسپورٹس سے وابستہ شخصیات کے نام شامل کیے جائیں گے۔واک آف فیم میں نام شامل کرنے کے لیے انتظامیہ شخصیت کا نام خصوصی تیار کردہ ستارے میں سجا کر اسے زمین پر گلی میں سجا دیتی ہے اور اب جلد ہی دپیکا پڈوکون کا نام بھی ستارے کی صورت میں مذکورہ گلی میں سجا دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ہولی وڈ واک آف فیم کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کردہ فہرست کے مطابق دپیکا پڈوکون بھی ان تین درجن کے قریب اہم شخصیات میں شامل ہیں، جن کا نام واک آف فیم میں شامل کیا جائے گا۔دپیکا پڈوکوں بھارت کی وہ پہلی شخصیت بن گئیں، جن کا نام واک آف فیم میں شامل کیا جائے گا، انہوں نے ایک نیا اعزاز اپنے نام کرلیا۔دپیکا پڈوکون نے امیتابھ بچن، بولی وڈ خانز اور دیگر سپر اسٹار اداکاراوں و اداکاروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

دپیکا پڈوکون نے 2007 میں بولی وڈ فلم اوم شانتی اوم سے کیریئر کا آغاز کیا اور بعد ازاں 2018 میں انہوں نے ہولی وڈ فلم میں بھی کام کیا۔اب تک دپیکا پڈوکون تین درجن سے زائد فلموں میں کام کر چکی ہیں اور ان کا شمار بولی وڈ کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی شخصیات میں ہوتا ہے، وہ ٹائم میگزین کی متاثر ترین 100 شخصیات میں بھی شامل ہو چکی ہیں۔