اسرائیل جدید تاریخ کی سفاک ترین نسل کشی کا ذمہ دار ہے،فرانچیسکا البانیز

دنیا بھر کے تمام ممالک اسرائیل کے ساتھ تجارتی روابط فی الفور ختم کردیں،خطاب

جمعہ 4 جولائی 2025 15:30

اقوام متحد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)اقوام متحدہ کی راپورٹر فرانچیسکا البانیز نے دنیا بھر کے ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی اور اس سے تجارت اور دیگر معاشی روابط ختم کر دینے چاہییں۔عرب ٹی وی کے مطابق اقوام متحدہ کی خصوصی راپورٹربرائے فلسطین فرانچیسکا البانیز نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں خطاب کرتے ہوئے اسرائیل پرنسل کشیپر مبنی مہم چلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے مقبوضہ علاقوں کی صورت حال قیامت خیز ہے۔

اسرائیل جدید تاریخ کی سفاک ترین نسل کشی کا ذمہ دار ہے۔ فرانچیسکا البانیز نے کہا کہ جو کچھ ہم دنیا کے سامنے لائے ہیں یہ ایک نظام ہے جس کی جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دیگر ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی پر پابندیاں عائد کریں اور اس کے ساتھ تمام تجارتی معاہدے ختم کریں تاکہ اسے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہونے کے نتائج کا سامنا ہو۔

انسانی حقوق کونسل کے اس اجلاس میں اسرائیل کا نمائندہ موجود نہیں تھا ۔فرانچیسکا البانیز کی اس تقریر کو جنیوا کونسل کی جانب سے سراہا گیا ہے۔ فرانچیسکا البانیز اقوام متحدہ کی مقرر کردہ ایک ماہر ہیں جو دنیا بھر میں ہونے والے تشدد کے واقعات کی تفصیلات مرتب کرتی ہیں۔ انہوں نے اپنی آخری رپورٹ میں ایسی 60 کمپنیوں کا ذکر کیا جو غزہ میں اسرائیلی آبادی کاری اور فوج کشی کی حامی ہیں۔