مرحلہ وار ہر چھوٹے بڑے شہر کو پی ڈی پی کے دائرہ کار میں لایا جائے گا، ذیشان رفیق

جمعہ 4 جولائی 2025 13:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) وزیراعلی مریم نواز شریف کے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے تحت مختلف شہروں میں ترقیاتی سکیموں کے پی سی ون جمع کرانے کا آغاز ہو گیا ہے۔اس سلسلے میں وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت ایک اجلاس کے دوران پیشرفت پر غور کیا گیا۔ سپیشل سیکرٹری ارشد بیگ اور ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی نے شرکت کی جبکہ پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی (پی ایم ڈی ایف سی) کے مینجنگ ڈائریکٹر سید زاہد عزیز نے بریفنگ دی۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پی ڈی پی کے پہلے مرحلے میں 21 شہروں کو ترجیحی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔پانچ شہروں گجرات، ڈسکہ، لیہ، اٹک اور ننکانہ صاحب کے پی سی ون جمع ہوگئے ہیں۔خانیوال اور وزیرآباد شہر کے پی سی ون آخری مراحل میں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماہ رواں جولائی کے دوران14 مزید شہروں میں ترقیاتی کاموں کا پی سی ون جمع کرا دیا جائے گا۔

ذیشان رفیق نے کہا کہ ان شہروں میں کامونکی، وہاڑی، مریدکے، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، بہاولنگر، بھکر، بوریوالہ، گوجرہ، جڑانوالہ، کمالیہ، کوٹ ادو، لودھراں اور شیخوپورہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی مریم نواز حکومت کا ایک منفرد اور جامع منصوبہ ہے جس میں سیوریج، بارانی پانی کے نکاس، گلیوں کی پختگی کی سکیمیں شامل ہیں۔علاوہ ازیں بارانی پانی کے ذخیرے بنانے اور پارکوں کی بحالی کا کام بھی ہوگا۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ مرحلہ وار ہر چھوٹے بڑے شہر کو پی ڈی پی کے دائرہ کار میں لایا جائے گا۔ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی طرز پر شفافیت اور تیزی سے کام کیا جائے۔ پی ایم ڈی ایف سی اور پی ایم یو منصوبوں کی نگرانی کریں گے جبکہ صوبائی سطح پر سٹیئرنگ کمیٹی تمام امور کی مانیٹرنگ کر رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سٹیئرنگ کمیٹی کی طرف سے جاری کی گئی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔کسی سکیم میں بچت ہوئی تو رقم کسی اور شہر میں لگائیں گے۔