مودی کے’ اچھے دن ‘ کے وعدے محض دھوکہ تھے، جے رام رمیش

ہر شہری پر اوسطاً قرض 90ہزار روپے کے اضافے کے ساتھ 8.4لاکھ روپے تک پہنچ گیا

جمعہ 4 جولائی 2025 16:52

نئی دلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)کانگریس کے سینئر رہنما جے رام رمیش نے ریزرو بنک آف انڈیا کی تازہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے مودی حکومت پر کڑی تنقید کی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ملک کی معیشت کا حال بدترین ہوچکا ہے اور عوام مہنگائی، بے روز گاری اور قرض کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جئے رام رمیش نے ’’ایکس‘‘ پر لکھا کہ گزشتہ گیارہ برسوںمیں مودی حکومت نے کئی ایسا کام نہیںکیا یا کوئی ایسی پالیسی نہیں بنائی جس سے عام شہری کا بھلا ہو،بلکہ تمام فیصلے صرف سرمایہ داروں اور دوستوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے کیے گئے۔

انہوںنے لکھا’’ یہ سچائی ہر روز کسی نہ کسی شکل میں سامنے آرہی ہے کہ’ اچھے دن ‘ کے وعدے محض دھوکہ تھے ۔ انہوںنے کہا کہ ملک پر قرض کا بوجھ اب ناقابل برداشت سطح تک پہنچ چکا ہے ۔ جئے رام رمیش نے کہا کہ ریزرو بنک آف انڈیا(آر بی آئی) کی رپورٹ سے واضح ہوتا ہے کہ ہر شہری پر اوسطاً قرض 90ہزار روپے کے اضافے کے ساتھ 8.4لاکھ روپے تک پہنچ گیا ہے ۔