5 اکتوبر احتجاج کیس،عدالت نے حماد اظہر اوررانا شہبازکو اشتہاری قرار دیدیا

جمعہ 4 جولائی 2025 21:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جولائی2025ء)انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے 5 اکتوبر احتجاج کیس میں حماد اظہر سمیت پی ٹی آئی رہنماء کو اشتہاری قرار دیدیا، پولیس نے عدالت میں رپورٹ جمع کروائی کہ ملزمان نے خود کو روپوش کر رکھا ہے، ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، اے ٹی سی عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس5اکتوبر کے احتجاج معاملے پرمقدمے کی سماعت کی۔

عدالت میں جمع کروائی گئی رپورٹ میں پولیس نے استدعاکی عدالت ملزمان کو اشتہاری قرار دے۔پولیس کی جانب سے جمع کروائی رپورٹ کے بعد انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں حماد اظہر اور رانا شہباز کو اشتہاری قرار دے دیا۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی کے تین رہنماؤں کو اشتہاری قرار دیدیاتھا۔

(جاری ہے)

اے ٹی سی اسلام آباد نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں مسلسل غیرحاضری پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کو اشتہاری قرار دیا تھا۔ اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس کی سماعت جج طاہرعباس سپرا نے کی۔پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل سردار مصروف خان عدالت میں پیش ہوئے تھے تاہم نامزد رہنماؤں کی مسلسل غیر حاضری کے باعث عدالت نے سخت اقدام اٹھاتے ہوئے انہیں اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ سنایا تھا۔

عدالتی کارروائی کے دوران دیگر غیر حاضر ملزمان کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی تھی۔ عدالت نے مراد سعید، حماد اظہر اور فرخ حبیب کو اشتہاری قرار دے دیا۔عدالت نے تینوں ملزمان کو مسلسل غیر حاضری پر اشتہاری قرار دیاتھا جب کہ واثق قیوم عباسی، راجہ بشارت اور غیر حاضر کارکنان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے تھے۔انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دستیاب ملزمان کی حاضری کے بعد دونوں کیسز پر مزید سماعت ملتوی کردی تھی۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف تھانہ رمنا میں 2 مقدمات درج کئے گئے تھے۔ ان مقدمات میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات شامل ہیں اور عدالت ان کیسز پر مسلسل سماعت کر رہی تھی پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی مسلسل غیر حاضری کے باعث عدالتی کارروائی تعطل کا شکار تھی جس پر عدالت نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف اشتہاری قرار دینے اور گرفتاری کے احکامات جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔