پنجاب میں کالام کے نوجوان عبداللہ کاقتل ،لواحقین کا احتجاجی مظاہرہ

جمعہ 4 جولائی 2025 19:55

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)سوات کی وادی کالام کے چھ بہنوںکے اکلوتے بھائی عبداللہ کے منڈی بہائوالدین میں بے دردی سے قتل کے خلاف کالام بازار میں شدید احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور دیگر منتخب نمائندوں سے مطالبہ کیا کہ وہ پنجاب حکومت سے فوری رابطہ کریں اور مظلوم خاندان کو انصاف دلائیں۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے بتایا کہ عبداللہ ایک غریب خاندان کا واحد کفیل اور چھ بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا، جو روزگار کی تلاش میں منڈی بہاالدین گیا تھا۔ اہل خانہ کے مطابق، عبداللہ کو محض اس وجہ سے گولیوں کا نشانہ بنایا گیا کہ وہ مخالف فریق کے گھر میں مزدوری کر رہا تھا۔قتل کے بعد عبداللہ کے ماں باپ اور بہنیں صدمے سے نڈھال ہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر جلد انصاف نہ ملا تو احتجاج کا دائرہ پورے سوات اور صوبے تک پھیلایا جائے گا۔