24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل کے غزہ میں 100 اہداف پر تابڑ توڑ حملے

کارروائیوں کا مقصد مسلح گروہوں کی صلاحیتوں کو کمزور کرناہے،اسرائیلی فوج کا بیان

ہفتہ 5 جولائی 2025 11:21

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اس کی فوجی کارروائیاں جاری ہیں۔عرب ٹی وی نے بتایاکہ فوج کے سرکاری بیان کے مطابق غزہ 143 بریگیڈ کی فورسز رفح کے علاقے میں سرگرم رہیں، جہاں انھوں نے حماس سے وابستہ درجنوں بنیادی ڈھانچوں اور جنگی وسائل کو تباہ کیا، ساتھ ہی غزہ کے اطراف کی اسرائیلی بستیوں کے تحفظ کی کوششیں بھی جاری ہیں۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیلی فضائیہ نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تقریبا 100 فضائی حملے کیے، جن کا ہدف راکٹ لانچنگ پلیٹ فارمز، عسکری عمارتیں، اسلحہ کے ذخیرے اور دیگر اہداف تھے۔بیان کے مطابق، 98، 99، 162 اور 36 بریگیڈز کی فورسز بھی غزہ کے اندر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جن میں سرنگوں کی تباہی، مسلح افراد کو ہلاک کرنا، اسلحہ برآمد کرنا، اور عسکری انٹیلی جنس اور داخلی سلامتی کے ادارے (شاباک) کی مدد سے فضائی حملے شامل ہیں۔فوجی بیان کے اختتام میں کہا گیا کہ ان کارروائیوں کا مقصد مسلح گروہوں کی صلاحیتوں کو کمزور کرنا اور اسرائیل کے داخلی محاذ پر کسی بھی ممکنہ خطرے کو روکنا ہے۔