بشریٰ انصاری نے ہانیہ عامر کی صلاحیتوں کی جم کرتعریف کردی

پہلگام والا واقعہ بھی جان بوجھ کر فلمی تعاون کی مخالفت میں کروایا گیا،مودی نہیں چاہتا بھارت ، پاکستان مل کر کچھ کریں،اداکارہ لله

ہفتہ 5 جولائی 2025 11:21

بشریٰ انصاری نے ہانیہ عامر کی صلاحیتوں کی جم کرتعریف کردی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)پاکستانی ڈراما انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے ہانیہ عامر کی صلاحیتوں کی جم کرتعریف کردی ۔بشریٰ انصاری نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویلاگ اپلوڈ کیا جس میں انہیں ہانیہ عامر کی صلاحیتوں کے گن گاتے سنا گیا۔بشریٰ انصاری نے سردار جی3 کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ میں بہت خوش ہوں کہ ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کی فلم پاکستان میں کامیابی سے چل رہی ہے، ماشااللہ، اللہ نے ہانیہ کو اتنی کم عمر میں بہت کامیابی عطا کی ہے۔

سینئر اداکارہ کے مطابق ہانیہ عامر نہایت باصلاحیت اداکارہ ہے اور شدید محنت کرتی ہے چاہے گرمی ہو، سردی ہو یا کوئی بھی مشکل حالات، وہ اپنے کام کو سنجیدگی سے لیتی ہے،موسم یا حالات اسے نہیں روک سکتے، وہ مکمل طور پر اپنے کام سے مخلص اور پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہانیہ عامر کو پروفیشنل اداکارہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ بات پیسے کی نہیں، بلکہ کمٹمنٹ اور پروفیشنلزم کی ہے، اور ہانیہ واقعی ایک پروفیشنل اداکارہ ہے۔

بشریٰ انصاری نے سردار جی 3 کی ریلیز کے بعد جنم لینے والے تنازعات پر اپنے بھارتی فینز سے درخواست کرتے ہوئے کہاکہ،میں اپنے بھارتی مداحوں سے کہنا چاہتی ہوں کہ بچگانہ رویہ اختیار نہ کریں، جب اس نے فلم سائن کی تب سب کچھ ٹھیک تھا۔فلم کی ریلیز کے بعد ملنے والے منفی ردعمل پر بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ ایک نوجوان لڑکی سے آپ کو خطرہ محسوس ہوا ہانیہ کے فلم میں کاسٹ ہوجانے پر اتنا منفی ردعمل کیوں دیا ۔

انہوںنے کہاکہ اسی طرح کا رویہ فواد خان کے ساتھ بھی اختیار کیا گیا تھا، اصول ہونے چاہئیں بات منطق سے کرنی چاہیے۔انہوںنے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ پہلگام والا واقعہ بھی جان بوجھ کر ان فلمی تعاون کی مخالفت میں کروایا گیا، کیونکہ مودی جی نہیں چاہتے کہ بھارت اور پاکستان مل کر کچھ کریں۔بشریٰ انصاری نے ویلاگ میں متنازع شخصیت جاوید اختر کو بھی نہیں بخشا اور کہہ کہا کہ اور جاوید اختر صاحب، میں آپ سے کہنا چاہتی ہوں،ہم لتا منگیشکر جی کو کیسے نہ بلاتی شاید ہم انہیں افورڈ نہیں کر سکتے تھے، لیکن وہ ہمیشہ ایک لیجنڈ رہی ہیں، ایسی باتیں نہیں ہونی چاہئیں۔