بی جے پی حکومت نے کشمیریوں کی شناخت ، جمہوری حقوق کو بری طرح مجروح کیا ہے، رمن بھلا

جموںوکشمیر کے لوگ محسوس کرتے ہیں کہ بی جے پی نے انکے ساتھ دھوکہ کیا ہے اور پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے،قائمقام صدرکانگریس

ہفتہ 5 جولائی 2025 14:24

جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کانگریس کے قائمقام صدر رمن بھلا نے کہا ہے کہ علاقے کی منفرد سماجی، اقتصادی، ثقافتی حیثیت کی بحالی اور سیاسی خواہشات کی تکمیل کیلئے ریاستی حیثیت کی بحالی ضروری ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق رمن بھلا نے جموں وکشمیرمیں پارٹی کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ جموںوکشمیر کی تاریخی ریاست کو مرکز کے زیر انتظام علاقے میں تبدیل کرکے یہاں کے لوگوں کے جمہوری حقوق اور شناخت کو بری طرح مجروح کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام نے نہ صرف ہمارے خطے کو اس کا آئینی تحفظ چھین لیا ہے بلکہ جمہوری عمل میں اس کے شہریوں کے اعتماد کو بھی ختم کر دیا ہے۔انہوںنے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ بی جے پی کی حکومت جلد از جلد ریاست کی بحالی کے لئے پارلیمنٹ میں کیے گئے اپنے وعدے کو پورا کرے اور اس میں مزید کوئی تاخیر کشمیریوں کے جمہوری امنگوں کی توہین اور ان کے اعتماد کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر کے لوگ محسوس کرتے ہیں کہ بی جے پی نے انکے ساتھ دھوکہ کیا ہے اور پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔انہوں نے کہا کہ کھوکھلے نعروں اور جھوٹے وعدوں پر ووٹ حاصل کرنے کے بعدبی جے پی رہنما اب غائب ہو گئے ہیں اور وہ عام آدمی کے روزمرہ کے بنیادی مسائل کو حل کرنے میں بھی بری طرح ناکام رہے ہیں۔رمن بھلا نے کہا کہ بی جے پی نے مہنگائی، بے روزگاری جیسے بنیادی مسائل کو بے شرمی سے نظر انداز کیا ہے۔