حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق عزاداروں کے لیے غیر معمولی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دی جائے،ذیشان ملک

ہفتہ 5 جولائی 2025 15:48

بھکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ذیشان ملک نے بھکر کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے محرم الحرام کے سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈی سی آفس بھکر میں ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں اراکین اسمبلی سعید اکبر خان نوانی،عامر عنایت خان شہانی،ملک غضنفر عباس چھینہ،احمد نواز خان نوانی،ڈپٹی کمشنر محمد اشرف،ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان،اے ڈی سی جی ارشد وٹو،اے ڈی سی ریونیو عبد القدیر سمیت مسلم لیگ ن کے مقامی عہدیداران شریک ہوئے۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے محرم الحرام کے سلسلہ میں کیے گئے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان نے جلوس و مجالس کی فول پروف سکیورٹی پر بریفنگ پیش کی۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ذیشان ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔عشرہ محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر اداروں میں موثر اور مربوط کوآرڈی نیشن کو یقینی بنایا جائے۔

حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق عزاداروں کے لیے غیر معمولی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دی جائے گی۔اجلاس میں اراکین اسمبلی سعید اکبر خان نوانی،عامر عنایت خان شہانی، غضنفر عباس چھینہ اور احمد نواز نوانی نےضلعی انتظامیہ اور پولیس کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے امن و بھائی چارے کے قیام کے لیے مفید تجاویز پیش کیں۔اجلاس میں عاشورہ محرم اور دیگر مرکزی جلوسوں کے لیے سکیورٹی،ہیلتھ سروسز،ریسکیو 1122،میونسپل سروسز اور کنٹرول رومز کی ہمہ وقت مانیٹرنگ پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ \378