کمشنر کا گورنمنٹ ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ، محرم الحرام کے حوالے سے انتظامی امور کا جائزہ لیا

ہفتہ 5 جولائی 2025 17:03

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ہفتہ کے روز ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سرگودہا کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے حوالے سے انتظامی و طبی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ایمرجنسی، سرجیکل وارڈز اور محرم الحرام کے دوران عزاداروں کے لیے قائم خصوصی وارڈز کا معائنہ کیا۔

کمشنر نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے براہ راست ملاقات کرکے علاج و معالجے کی سہولیات سے متعلق دریافت کیا اور فوری بہتری کے لیے احکامات جاری کیے۔اس موقع پرصفائی کی صورتحال، ادویات کی فراہمی، عملہ حاضری، آکسیجن اور ایئرکنڈیشنڈ کی دستیابی سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر سہیل طارق نے کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایمرجنسی میں سو فیصد مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ عزاداروں کے لیے 57 بیڈز پر مشتمل خصوصی وارڈز قائم کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

رحمت اللعالمین بلاک میں 12 وارڈز جبکہ پیڈ بلاک میں 45 بیڈز کی ایمرجنسی فعال ہے۔ ایم ایس نے مزید آگاہ کیا کہ ہسپتال میں جلد نیورو سرجیکل وارڈ بھی قائم کیا جا رہا ہے۔کمشنر جہانزیب اعوان نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت ہے کہ ہر مریض کو علاج، دوا، عزت اور سہولت ہر صورت مہیا کی جائے۔ انہوں نے ہسپتال میں "کوڈ ریڈ" اور "کوڈ بلیو" ایمرجنسی پروٹوکول پر مکمل عملدرآمد، پیجر سسٹم کے فعال رکھنے اور ڈیوٹی کے دوران موبائل فون کے استعمال پر مکمل پابندی کی ہدایت بھی دہرائی۔

انہوں نے ایم ایس و دیگر طبی عملہ کو سختی سے تنبیہ کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو دیانت داری سے ادا کریں۔دورے کے دوران ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد عمران اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر نے واضح کیا کہ ہسپتال کی مانیٹرنگ کے لیے غیر اعلانیہ دورے جاری رہیں گے۔