حضرت امام حسینؓ کی قربانی اسلام کی بقاء اور حق و صداقت کی فتح کا استعارہ ہے،پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی

محرم الحرام کا تقدس برقرار رکھا جائے، سوشل میڈیا اور گفتگو میں احتیاط برتی جائے،مرکزی رہنما تحریک اہلسنّت پاکستان

ہفتہ 5 جولائی 2025 17:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)تحریک اہلسنّت پاکستان کے مرکزی رہنما و چیئرمین رابطہ کمیٹی صوبہ سندھ پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے عاشورہ محرم الحرام کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار رفقاء کی عظیم قربانی رہتی دنیا تک حق و صداقت کی علمبردار ہے۔ کربلا کا پیغام صرف ایک واقعہ نہیں بلکہ ایک تحریک ہے جو باطل کے خلاف سر اٹھا کر کھڑے ہونے، ظلم کو للکارنے، اور حق پر قربان ہونے کا حوصلہ عطا کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کا مہینہ ہمیں صبر، ایثار، وفا اور اتحادِ امت کی یاد دلاتا ہے۔ ان ایام میں ہمیں چاہیے کہ اپنی زبان، قلم، اور سوشل میڈیا کے استعمال میں خصوصی احتیاط برتیں تاکہ کوئی ایسی بات، پوسٹ یا تبصرہ نہ ہو جو فرقہ واریت کو جنم دے یا امت میں انتشار کا باعث بنے۔

(جاری ہے)

پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ تمام امت کے امام ہیں اور ان سے محبت کسی ایک مکتب فکر کا نہیں بلکہ ہر عاشقِ رسولؐ کا ایمانی تقاضا ہے۔

اس لیے ان کے ذکر میں اعتدال، احترامِ صحابہؓ و اہل بیتؓ، اور بین المسالک رواداری کو مدنظر رکھنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔انہوں نے تمام طبقات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ محرم کا پیغام تفرقہ نہیں، وحدت ہے۔ نفرت نہیں، اخوت ہے۔ یہ مہینہ ہمیں جوڑنے کے لیے آیا ہے، توڑنے کے لیے نہیں۔ آئیی! ہم سب کربلا کے پیغام کو سمجھیں اور امتِ مسلمہ کو ایک صف میں لانے کے لیے کردار ادا کریں۔

پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے مطالبہ کیا کہ حکومت عاشورہ کے موقع پر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کرے،فرقہ وارانہ مواد پر مکمل پابندی عائد کی جائے،خطباء و ذاکرین کو وحدت امت اور رواداری پر خطابات کی تلقین کی جائے۔سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز اور دل آزاری پر مبنی مواد کی فوری نگرانی کی جائے۔ انہوں نے تحریک اہلسنت پاکستان کے تمام کارکنان، وابستگان اور عقیدت مندوں سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران صبر، سکون، برداشت اور باہمی احترام کو اپنی شناخت بنائیں، اور کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا افواہ سے گریز کریں۔