ملک بھر میں 9 ویں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات

ہفتہ 5 جولائی 2025 18:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)ملک بھر میں 9ویں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام اباد سمیت پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ، آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں 2763 جلوسوں اور 7598 مجالس کا انعقاد کیا گیا،ملک بھر میں انتہائی حساس قرار دیئے 1129 علاقوں میں غیر معمولی سکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ ڈرونز و سی سی ٹی کیمروں سے نگرانی کی جاتی رہی ،وفاقی حکومت کے مرکزی مانیٹرنگ سیل سے 24/7 نگرانی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مؤثر کوآرڈینیشن جا ری رہی،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی، وزیر مملکت طلال چوہدری اور سیکرٹری داخلہ خرم آغا خود تمام مانیٹرنگ کے عمل کی نگرانی و کوآرڈینیشن میں مصروف رہے،اسلام آباد میں 61 مجالس اور 17 جلوس، پنجاب میں 3805 مجالس اور 1677 جلوس نکالے گئے، سندھ میں عزادار 1207 مجالس، 644 جلوس اور خیبرپختونخوامیں 939 مجالس و 261 جلوس نکالے گئے ، بلوچستان میں 115 مجالس، 11 جلوس۔

(جاری ہے)

گلگت بلتستان میں 1290 مجالس، 111 جلوس اور آزاد کشمیر میں 181 مجالس، 42 جلوس انعقاد پذیر ہوں گے،9 ویں محرم الحرام پر امن عامہ یقینی بنانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل الرٹ رہے، قیام امن کیلئے صوبائی حکومتوں نے مشاورت سے سکیورٹی پلان تشکیل دیا ہے۔ مذہبی منافرت اور فرقہ وارانہ بیانات پر زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے،مرکزی کنٹرول روم کے ساتھ صوبائی سطح پر کنٹرول رومز فعال کردئیے گئے ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مذہبی اشتعال انگیزی کسی صورت نہ پہلے برداشت کی اور نہ آئندہ برداشت کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امن و امان برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے، فتنہ الہندوستان کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل چوکس ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ انشاء اللہ حکومتی اقدامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی شبانہ روز محنت سے عاشورہ پرامن گزرے گا، دشمن کے ناپاک عزائم نہ پہلے کامیاب ہوئے اور نہ اب ہوں گے۔