طالب علم رہنما اور جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے سینئر لیڈر زاہد آصف آزادی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے

ہفتہ 5 جولائی 2025 21:55

ہجیرہ‘راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جولائی2025ء)چل دئیے چمن سے حسرت بہار لیکر جواں سال آزادی پسند طالب علم رہنما اور جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے سینئر لیڈر زاہد آصف آزادی جموں کشمیر کا خواب آنکھوں میں سجائے دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ ، ان کی اچانک وفات کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور سوشل میڈیا پر اس کیزمانہ طالب علمی کے ساتھیوں نے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے جمعہ کے روز آبائی گاؤں نڑیول میں نماز جنازہ میں ازاد کشمیر بھر سے تحریکی ساتھیوں سمیت مقامی سطح پر بھاری بھر تعداد میں لوگ شریک ہوئے جس کے بعد انہیں آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کیا گیا جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صدر اسرار یوسف سنئیر لیڈر ملک الیاس نیشنل عوامی پارٹی کے سابق صدر لیاقت حیات جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی کے سیکرٹری جنرل عادل خان نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے سابق صدر عمران مسعود نے ان کی موت کو عظیم نقصان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کی جدوجہد کا اہم کردار ہمارے لیئے آج بھی قابل تقلید ہے اور ہم عہد کرتے ہیں کہ انکے ادھورے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری و ساری رہے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زاہد آصف نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے متحرک طالبعلم راہنماؤں میں شامل تھے،جموں کشمیر لیبریشن فرنٹ نے بھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ زاہد آصف نظریاتی طور پر بڑے مستحکم اور مضبوط نوجوان تھے، زندگی کے آخری حصے تک اس پر قائم رہے،انہوں نے مرحوم کی اچانک وفات پر ان کے والد والدہ، بہنوں، قریبی عزیزو اقارب سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ خدا مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے،آمین